ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ کنسلٹیشن کیلئے آن لائن خدمات

   

کانگریس پارٹی کی پہل، 27 ڈاکٹرس کا پیانل تشکیل
حیدرآباد۔ کورونا مریضوں کی دواخانہ منتقلی کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے 3 ایمبولینس گاڑیوں کے آغاز کے بعد پارٹی نے کورونا مریضوں کیلئے آن لائن کنسلٹیشن کی سہولت متعارف کی ہے۔ ماہر ڈاکٹرس سے کورونا پازیٹیو مریض مفت مشاورت کرتے ہوئے علاج شروع کرسکتے ہیں۔ سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی سمپت کمار کے مطابق ریاست کے کسی بھی حصہ سے ڈاکٹرس سے ربط قائم کرنے فون نمبر 040-40527748 پر صبح 8 تا 8 بجے شب کے درمیان ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ مریض کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد امراض سینہ کے ماہرین اور دیگر ماہر ڈاکٹرس مریض سے مسلسل ربط میں رہیں گے۔ کالر کے پاس اگر اسمارٹ فون ہو تو ڈاکٹر ویڈیو یا وائس کال پر بات چیت کرتے ہوئے دوائیں تجویز کریں گے۔ کورونا کے علاوہ دیگر امراض کے سلسلہ میں بھی ڈاکٹرس کی رہنمائی جاری رہے گی۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ڈاکٹرس سے آن لائن کنسلٹیشن کی خدمات شروع کی ہیں۔ راہول گاندھی کیئرس کے تحت یہ خدمات متعارف کی گئیں اور27 ماہر ڈاکٹرس کو پیانل میں شامل کیا گیا ہے جن کا تعلق سرکاری اور خانگی دواخانوں سے ہے۔ کانگریس پارٹی نے گاندھی بھون میں کوویڈ ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا ہے جہاں مریضوں کو دواخانوں میں بیڈس کی فراہمی میں مدد کی جاتی ہے۔