ماہِ صیام کا اہل ثروت سے غرباء کی امداد کا مطالبہ

   

مدھول میں راشن تقسیم تقریب سے مولانا صادق انور اثری کا خطاب
مدہول۔3۔مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مسلمان ماہ صیام کے اس بابرکت مہینہ سے گذر رہے ہیں جو اہل ثروت افراد سے کئی مطالبات کررہا ہے بالخصوص اس وقت کی جو موجودہ صورتحال سے دنیا کئی مسائل سے دوچار ہے چونکہ اس وقت دنیا جس مشکل گھڑی سے گذر رہی ہے وہ ایک عبرت ناک ہے ، آفتوں کا آنا برکتوں کا نزول ہونا سب منجانب اللہ ہوتا ہے لہذا ایسے حالات میں امت مسلمہ کے ایسے اہل ثروت افراد سے اس مہینہ بھی اپنے مال کی وقت کی قربانی چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارالشیخ صادق انور اثری امام و خطیب مسجدعبادالرحمٰن اہلحدیث مدہول نے غریب مستحقین میں رمضان کٹس کی تقسیم کے موقع پر کیا اسکے علاوہ انھوں نے کہا کہ جو لوگ عیدالفطر کیلئے کپڑے خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے ایسے حضرات سے انھوں نے اپیل کی کہ وہ بجائے کپڑے خریدنے کے وہی روپیوں کو مستحقین میں لگاکر انکو بھی اپنی عید میں شامل کرلیں کیونکہ ضروری نہیں کہ نئے نئے کپڑوں سے ہی عید پوری ہو کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اپنی عید کی خوشی میں اتنے غافل ہوجائیں کہ ہمارا پڑوسی بھوکا رہ جائے۔ لہذا عید کو وعید نہ بنائیں بلکہ ہمارے خاندان میں محلہ میں ہمارے گاوں میں مستحقین کو تلاش کریں اور ان تک مالی تعاون امدادی تعاون پہنچ کر دیں، کیونکہ ایسے بھی خاندان اس وقت معاشی تنگدستی سے دوچار ہیں جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے لہذا امت مسلمہ کے اہل خیر حضرات کی اس وقت کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے خاندانوں تک پہنچ کر امدادی راشن یا مالی تعاون مہیا کریں ۔اس موقع پر انھوں نے مدہول شہر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ غریب مستحقین کا اس ماہ صیام میں بھر پور خیال رکھیں جبکہ جمعیت اہلحدیث مدہول کی جانب سے تیسرے مرحلہ میں 67 رمضان راشن کٹس تقسیم کئے گئے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے لاک ڈاؤن میں پچھلے دو مرتبہ بھی راشن کٹس تقسیم کیا گیا پہلے مرحلہ 50 جبکہ دوسرے مرحلہ میں 54 کٹس جو اب تک دولاکھ چھ ہزار چھتیس روپیوں 6036 20 کے راشن کٹس تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر امیر جمعیت سید ارشد،نہال احمد، یونس سلفی ارشدسلفی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔