ریاست کی ترقی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے دعا کی اپیل، اقلیتوں کی ترقی میں حکومت سنجیدہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ماہِ صیام کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے اپنے پیام میں اُمید ظاہر کی کہ اس ماہِ مقدس میں کی جانے والی عبادات اور روزے ریاست میں ہم آہنگی اور خوشیوں میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔ چیف منسٹر نے اس ماہِ مقدس کی مناسبت سے ریاست کی گنگاجمنی تہذیب اور عوام میں بھائی چارہ کے جذبہ کو مزید تقویت کیلئے خصوصی دعاؤں کی خواہش کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ریاستی حکومت رمضان المبارک کا سرکاری سطح پر اہتمام کرتی ہے اور حکومت تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرنے اور ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے کوشاں ہے۔ چیف منسٹر نے اس مبارک موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے معاشی طور پر کمزور مسلمانوں کی فلاح و بہبودکیلئے روبہ عمل لائی جارہی متعدد اسکیمات اور پروگراموں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک جیسی اسکیم سے مسلم خواتین کی زندگی میں معیاری تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ اسی طرح مسلم طلبہ کیلئے تعلیمی میدان میں متعارف کی گئی اسکیمات کامیاب ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اداروں کے حوصلہ افزاء نتائج کا ذکر کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسی طرح کی دیگر اسکیمات اور پروگراموں کا مقصد مسلمانوں کی زندگیوں میں معیاری تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے کورونا وباء کے پس منظر میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ کوویڈ رہنمایانہ خطوط پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عبادتوں کا اہتمام کریں۔ اسی دوران وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے ایک پیام میں کہا کہ مسلمان اس مقدس مہینہ میں روزے اور عبادتوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ اسلام نے امن ، محبت، بھائی چارگی کا پیام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں اور اقلیتوں کے علاوہ دیگر عوام کیلئے مختلف فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ اقلیتوںکی ترقی کیلئے بجٹ میں 1606 کروڑ مختص کئے گئے۔ 204 اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں آیا جہاں تقریباً ایک لاکھ طلبہ میعاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کیلئے اسلامک سنٹر کے قیام ، جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر اور دیگر اقدامات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران ریاست کی ترقی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ۔