ماہ اپریل میں حیدرآباد کے نواح میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع

   

آندھرا پردیش حکومت کے طرز پر تلنگانہ حکومت سے بھی انتظامات کی توقع
حیدرآباد۔16جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 5‘6 اور 7 اپریل کو تبلیغی جماعت کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوگا اور اس اجتماع کے انعقاد کیلئے سابقہ اجتماع کے مقام کا ہی انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس اجتماع میں مبلغین تبلیغی جماعت کی لاکھوں کی تعداد شرکت کرے گی۔ شہر حیدرآباد میںمنعقد ہونے جارہے اس اجتماع کے سلسلہ میں حکمت عملی و منصوبہ بندی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بہت جلد اس سلسلہ میں عملی اقدامات شروع کردیئے جائیں گے تاکہ اجتماع کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق ماہ اپریل میں ہونے والے اس اجتماع کی تواریخ قطعیت پا چکی ہیں اور ان تواریخ کے دوران سہ روزہ اجتماع میں نہ صرف تلنگانہ و آندھرا پردیش بلکہ ملک کی تمام ریاستوں سے مبلغین شرکت کریں گے ۔ سہ روزہ اجتماع کے دوران اصلاح معاشرہ ‘ اقامت دین‘ اصلاح عمل ‘ دعوت دین‘ کے علاوہ معاشرتی زندگی کے متعلق تربیتی بیانات ہوں گے اور ان ایام کار میں تبلیغی جماعت کے سرکردہ علماء و اکابرین شرکاء سے خطاب کریں گے۔ گذشتہ برسوں کے دوران شہر میں منعقد ہوئے تبلیغی اجتماع کے لئے زائد از 2لاکھ افراد کے لئے انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا

لیکن کہا جا رہاہے کہ اس مرتبہ تمام مراکز سے مشاورت کے بعد زائد از 5لاکھ افراد کی شرکت کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ ماہ اپریل کے دوران منعقد ہونے والے اس اجتماع میں ملک کی مختلف ریاستوں سے بڑی تعداد میں عوام اور مبلغین کی شرکت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں کے مراکز کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات کے ذمہ داروں سے بھی اس اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں منعقد ہونے والے اس عظیم الشان تبلیغی اجتماع میں بیرونی علماء کی شرکت کی بھی توقع ہے لیکن تاحال کسی سرکردہ بیرونی عالم دین کی شرکت کی توثیق نہیں ہو پائی ہے قومی سطح کے اس اجتماع میں ملک و بیرون ملک کے سرکردہ علماء کی شرکت اور عوام کے درمیان درس و تدریس کے علاوہ ان کی تربیت کے لئے منعقد کئے جانے والے اس اجتماع کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جانے کی توقع ہے کیونکہ سابق میں بھی حکومت کی جانب سے اجتماع کے دوران نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے علاوہ شرکاء کی سہولت کے لئے پانی کی سربراہی اور صفائی کے خاص انتظامات کئے گئے تھے اور ماہ ڈسمبر 2018 کے اوائل میں پڑوسی ریاست کرنول میں منعقد ہوئے اجتماع کیلئے بھی حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے اعلی معیاری انتظامات کئے گئے تھے اسی لئے توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت تلنگانہ بھی اپریل میں منعقد ہونے والے اس اجتماع کیلئے سرکاری سطح پر معیاری انتظامات کو یقینی بنائے گی۔