حیدرآباد : 7 نومبر ( سیاست نیوز) ہر دن نئے انداز اور طریقہ سے شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ سائبر دھوکہ بازوں کی سازشوں کے خلاف شعور بیداری اور اقدامات کے باوجود عوام کو لوٹنے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لیتا اور آسانی سے دھوکہ باز عوام کو اپنے جال میں پھانس رہے ہیں ، تاہم سائبر کرائم پولیس کی جانب سے ان دھوکہ بازوں کے خلاف کارروائیاں بہترین نتائج کا سبب بن رہی ہے ۔ ماہ اکٹوبر میں سائبر کرائم پولیس کی جانب سے ملک بھر میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 55 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ ان 55 افراد کے خلاف ملک بھر میں 136 مقدمات درج ہیں اور ان کا تعلق 8 ریاستوں سے ہے ۔ سائبر کرائم پولیس نے ان دھوکہ بازوں کے قبضہ سے 107کروڑ روپئے ضبط کئے اور 66لاکھ روپئے متاثرین میں تقسیم کئے گئے ۔ سائبر کرائم پولیس نے ماہ اکٹوبر میں 196 ایف آئی آر درج کیا ۔ گرفتار سائبر دھوکہ بازوں میں اکثریت کا تعلق ریاست اترپردیش سے پایا جاتا ہے جبکہ سائبر کرائم پولیس سائبر آباد نے آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی گرفتار کیا اور ان کے قبضۃ سے سیل فون ، لیاب ٹاپ و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع