حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ماہ مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کرکے محکمہ موسمیات نے آئندہ تین یوم کیلئے زرد الرٹ جاری کیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد و مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ماہ جولائی میں مجموعی اعتبار سے 22.74 سینٹی میٹر بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلی رپورٹ میں کہاگیا کہ موسم باراں میںجنوبی ہند کی ریاستوں میں توقع سے کم بارش کا امکان ہے جبکہ تلنگانہ میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہ جولائی کے آغاز کے ساتھ ہی بارشوں کے نتیجہ میں جاریہ ماہ کے دوران امکانی بارش کا 10 فیصد بارش ہوچکی ہے اور آئندہ 27 یوم میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ جون کے دوران بارش نہ ہونے پر محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ماہ جون میں توقع کے مطابق بارش نہ ہونے سے مایوسی ہوئی ہے جبکہ گذشتہ 5 برسوں میں اگر ماہ جون کی بارشوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے تو ماہ جون کے دوران معمول سے 20 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن جاریہ سال جون میں اعتبار سے معمول سے 20 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے گذشتہ جون میں بارش کی تفصیلات میں کہا کہ 15.90 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن گذشتہ 5برسوں کے دوران پہلی مرتبہ ماہ جون میں بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ تین یوم کیلئے زرد الرٹ میں کہا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے ساتھ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے علاوہ ازیں دونوں شہروں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤوں کے چلنے کا امکان ہے ۔ گذشتہ دو یوم کے دوران شہر میں جاری رہنے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد آج بھی دونوں شہروں میں موسم خوشگوار رہا اور بیشتر مقامات پر مطلع ابرآلود رہا جبکہ شہر کے نواحی علاقوں میں سہ پہر کے بعد بعض مقامات پر بوندا باندی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔3