ماہ جون کے اختتام تک تلنگانہ میں 15 لاکھ کورونا کے مریض

   

دواخانوں میں تیزی سے بستروں میں اضافہ کی ہدایت ، قرنطینہ مراکز کا قیام ، محکمہ صحت چوکس
حیدرآباد۔ ماہ جون کے اختتام تک تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15لاکھ سے تجاوز کرجائے گی ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاست میں کورونا وائر س کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو نظر میں رکھتے ہوئے جو اندازہ لگایا ہے اس کے مطابق جون کے اختتام تک مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گذشتہ 15 یوم کے دوران 5گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ماہ جون کے دوران ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اور اس اضافہ کو روکنے کے لئے حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اور کورونا وائرس کے متاثرین کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مزید 30 ہزار بستروں کی تیاری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ریاست میں بستروں کی قلت نہ ہو اور کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج کی فراہمی کے اقدامات تیز کئے جاسکیں۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ میڑچل ‘ رنگاریڈی‘ نظام آباد‘سنگاریڈی ‘ محبوب نگر ‘ جگتیال ‘ عادل آباد کے علاوہ سدی پیٹ میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کی جانب سے بستروں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ قرنطینہ کے مراکز کے قیام پر توجہ دی جارہی ہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ایک تجزیاتی رپورٹ میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مریضوں کی تعداد میں اسی رفتار کے ساتھ اضافہ ہوتا رہا تو صورتحال انتہائی تشویشناک ہوسکتی ہے اور مریضوں کے علاج و معالجہ میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ حکومت کو روانہ کرتے ہوئے کہا کہ 12مارچ سے بتدریج ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے اور گذشتہ 15یوم کے دوران مریضوں کی تعداد میں 5گنا اضافہ ہوا ہے۔