ماہ ربیع الاول پیغام رسولؐ پہنچانے کا بہترین موقع

   

سنگاریڈی میں جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا عبدالصمد کا خطاب اور عمل کی تلقین
سنگاریڈی 19 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جماعت اسلامی ہند شہر سنگاریڈی کے زیر اہتمام مدینہ مسجد نعل صاحب گڈہ سنگاریڈی میں ایک جلسہ سیرت النبی ﷺکاانعقاد عمل میں آیا جس کا عنوان دہر میں اسم محمد سے اجالا کر دے اس عنوان کے تحت مہمان مقرر مولانا عبدالصمد العمودی رکن جماعت اسلامی مراد نگر، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامک اسٹڈیز عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺکی سیرت مبارکہ اور آپ ﷺکی تعلیمات کو بغور سماعت کرتے ہوئے اس پر مکمل عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ملت اسلامیہ کو یاد دلایا کہ ربیع الاول کا جو مہینہ ہے وہ تمام انسانیت کے لیے ایک عظیم الشان پیغام پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے اور آپ ﷺکی سیرت مبارکہ سے تمام انسانیت کو واقف کروایا جائے، ہم اس کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں ۔ انہوں نے آپ ﷺکی تعلیمات پر مکمل عمل آوری کرتے ہوئے اپنی دنیوی و آخروی زندگی کو سنوارنے کی تلقین کی ۔محمد حشمت اللہ خان امیر مقامی اور سید قمرالدین بخاری معاون امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر سنگاریڈی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تمام جماعت کے ارکان و کارکنان متفقین و متوسلین کے علاوہ کثیر تعداد میں برادران اسلام موجود تھے۔