صاف و ستھرے ماحول میں تیاری ، ڈاکٹرس سے عملہ کی جانچ ، ڈائرکٹر محمد عبدالمجید کا بیان
حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم کی پارسل خدمات جاری رہیں گی! ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس صورتحال میں بھی تجارتی امور کو فروغ دینے کے علاوہ شہر حیدرآباد میں حلیم کی سربراہی کو یقینی بنانے کے علاوہ صاف ستھرے ماحول میں حلیم کی تیاری کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔منیجنگ ڈائرکٹر پستہ ہاؤزجناب محمد عبدالمجید نے بتایا کہ وہ Swiggy اور Zomato کے علاوہ خود پستہ ہاؤز کی جانب سے ڈیلیوری بوائز کو رکھتے ہوئے آن لائن آر ڈر وصول کرنے کے علاوہ Take away کے متعلق بھی عہدیداروں سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے Take Awayکی اجازت حاصل ہے اور اس کے لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی جو شرط ہے اس کے ساتھ اس کے انتظامات کرنے پر غور کیا جا رہاہے ۔ جناب محمد عبدالمجید نے کہا کہ ریاستی ومرکزی حکومتوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عوام کے تحفظ اور انہیں کورونا وائرس جیسی وبائی بیماری سے بچانے کیلئے کئے گئے ہیں اور ان حالات میں سب کو ان اقدامات کی تائید کرتے ہوئے ان کا ساتھ دینا ناگزیر ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اس سال ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم کی کوئی بھٹی نہیں لگائی جائے گی بلکہ جس طرح دعوتوں میں حلیم تیار کی جاتی ہے اسی طرح حلیم کی تیاری عمل میں لائی جائے گی اور ا س تیاری کے دوران سماجی فاصلہ اور صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآبادکے مختلف مقامات سے پستہ ہاؤز حلیم کی ڈیلیوری اور ٹیک اوے کا انتظام کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس ماہ مبارک کے دوران پستہ ہاؤز کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کی بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ جس مقام پر پستہ ہاؤز حلیم کی تیار کی جائے گی اس مقام پر صفائی کے اصولوں کے مکمل انتظامات کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کی کمانیںنصب کی جائیں گی اور دو ڈاکٹرس کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عملہ کی مسلسل جانچ اور ان کے بخار سردی وغیرہ کی جانچ کے بعد ان کو پکوان کی جگہ داخل ہونے کی اجازت دی جائے ۔ جنا ب محمد عبدالمجید نے بتایاکہ ٹوئن سٹیز حلیم میکرس اسوسیشن کا آئندہ دو یوم کے دوران اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس سلسلہ میںمزید اہم فیصلہ کئے جائیں گے۔انہو ںنے بتایا کہ حلیم کی فرخت کے اوقات کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورحلیم آن لائن یا ٹیک اوے پر 5بجے سے قبل تک ہی دستیاب رہے گی اس کے بعد کوئی فروخت کا جواز ہی نہیں رہے گا اور نہ ہی کسی کو اس بات کی اجازت دی جائے گی کہ وہ اس وقت کے بعد حلیم کی فروخت انجام دے علاوہ ازیں کسی بھی ریستوران میں حلیم کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ حکومت کی جانب سے ریستوراں کو صرف ٹیک اوے کی اجازت حاصل ہے اور موجودہ حالات میں حکومت سے کسی خصوصی رعایت یا مراعات کی اپیل نہیں کی جائے گی کیونکہ حالات کی نوعیت ایسی نہیں ہے کہ کسی بھی مقام پر ہجوم جمع کیا جائے۔