ماہ رمضان میں دکانات اور تجارتی اداروں کو رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت

   

محکمہ لیبر کے احکامات جاری، ورکرس کو لیبر قوانین کے تحت ادائیگی کی ہدایت

حیدرآباد ۔18 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران ریاست بھر میں تمام دکانات اور تجارتی اداروں کو رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ لیبر ڈپارٹمنٹ کے اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ احکامات کے مطابق ریاست کے تمام تجارتی ادارے اور دکانات 19 فروری تا 20 مارچ رمضان المبارک کے پیش نظر صبح 5 بجے یعنی سحر تک کھلے رہیں گے۔ حکومت کی جانب سے ہر سال ریاست بھر میں مسلمانوں کی سہولت کیلئے رات بھر کاروبار کی اجازت دی جاتی ہے۔ احکامات کے تحت محکمہ لیبر نے بعض شرائط عائد کی ہیں۔ دکانات اور تجارتی اداروں کو لازمی رہے گا کہ وہ اپنے ملازمین کو اوور ٹائم کی اجرت دوگنی شرح سے ادا کریں۔ 8 گھنٹے سے زائد کی ڈیوٹی پر اوور ٹائم ادا کیا جائے۔ اضافی ڈیوٹی کے عوض متبادل چھٹی دینی ہوگی۔ کام کے اوقات زیادہ سے زیادہ 13 گھنٹے تک محدود رہیں گے جبکہ خاتون ملازمین سے اضافی اوقات میں کام نہیں لیا جائے گا اور انہیں رات 8.30 بجے کے بعد ڈیوٹی انجام دینی نہیں ہوگی۔ محکمہ لیبر کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے ملازمین اور ورکرس کیلئے شرائط عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کی چاند رات کے ساتھ ہی حیدرآباد اور اضلاع کے بڑے شہروں میں بازاروں میں گھما گھمی بڑھ جاتی ہے اور رات بھر تجارتی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ رمضان کے پیش نظر فنکشن ہالس میں خصوصی سیل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔1

شہر میں رمضان کے کی تیاریاں
حیدرآباد، 18 فروری (یواین آئی) حیدرآباد کی تاریخی اور ثقافتی فضاؤں میں رمضان کے مقدس مہینے کا استقبال کرنے کیلئے تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں جس کا سب سے دلکش منظر شہر کی ہزاروں مساجد میں نظر آ رہا ہے ۔
ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی شہرکی چھوٹی بڑی تمام مساجد کو انتہائی خوبصورتی اور سلیقہ سے پُررونق بنا دیا گیا ہے جس کے باعث ہر محلہ اور ہر بستی ایک روحانی نور میں نہائی ہوئی محسوس ہو رہی ہے ۔ ان تمام تر تیاریوں کا محور اور مرکز مکہ مسجد ہے جو حیدرآباد کی عظمت رفتہ کی سب سے معتبر گواہ ہے ۔ رمضان کی آمد کے پیش نظر اس عظیم الشان مسجدکے بلند و بالا مینار برقی قمقموں کی روشنی میں ستاروں کی طرح دمکتے نظر آتے ہیں۔