ریاض( کے این واصف): حرمین شریفین جیسے انتظامات کی نظیر شاید ہی دنیا کے کسی اور مذہبی اجتماع یا مقام پر مل سکتی ہیں۔ زائرین کی آمد و رفت ہو، عبادات کیلئے انتظامات، صفائی کے اہتمام، پانی فراہمی، ہجوم کو منظم کرنا اور لاکھوں لوگوں کا ایک ایسا مجمع جن کی زبانیں مختلف، تہذیبیں جداگانہ، بچے بوڑھے، ادھیڑ و جوان، صحتمند اور چلنے پھرنے سے معذور سب شامل ہوتے ہیں۔ ان سب کے آنے اور عمرہ و زیارت کی خیروخوبی سے تکمیل کے علاوہ اس دوران بیمار ہوجانے والے زائرین کا مفت علاج معالجہ کا بہترین انتظام مہیا کرایا جاتا ہے۔ رمضان کے اختتام پر جاری ایک اعلامیہ کی مطابق مسجد نبوی ؐکے سیزنل صحت مرکز سے 55 ہزار سے زائد زائرین مختلف نوعیت کی صحت خدمات سے مستفیض ہوئے۔ میڈیا کے مطابق مسجد نبویؐ کے بیرونی صحن میں قائم سیزنل صحت مرکز سے رمضان المبارک کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کومختلف نوعیت کی صحت خدمات فراہم کی گئیں۔سیزنل صحت مراکز مسجد نبوی ؐالشریف کے مختلف سمتوں میں قائم ہیں جہاں بیرون اوراندرون مملکت سے آنے والے زائرین کوجملہ صحت خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔زائرین کیلئے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی بہترین طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں ،جن میں ایمبولنس سرویس بھی شامل ہے۔