ماہ رمضان کے دوران رات میں کاروبار کی اجازت

,

   

بلاوقفہ برقی سربراہی کی ہدایت، صحت و صفائی پر توجہ دی جائے، وزیر اقلیتی بہبود کا اعلیٰ سطحی اجلاس

حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) رمضان المبارک میں موثر انتظامات کے سلسلہ میں وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدکیا جس میں مختلف محکمہ جات کو ہدایت دی گئی کہ مقدس ماہ رمضان کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی برقی ، آبرسانی اور صحت و صفائی کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے تعمیری اور مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی گئی ۔ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو ، وزیر داخلہ محمد محمود علی ، ایس سی کارپوریشن کے صدرنشین بنڈا پرکاش ، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ارکان مقننہ امین الحسن جعفری ، ریاض الحسن آفندی، کوثر محی الدین ، معظم خاں ، احمد بلعلہ، احمد پاشاہ قادری ، جعفر حسین معراج ، ایم گوپال ، کے وینکٹیش ، ایم گوپی ناتھ ، کمشنر پولیس سی وی آنند، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے رمضان گفٹ ملبوسات عید سے قبل ریاست بھر میں تقسیم کردیئے جائیں۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہواروں کو سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ کے سی آر حکومت سیکولر حکومت ہے اور تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران حکومت کی جانب سے مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے ، اس کے علاوہ غریبوں میں ملبوسات تقسیم کئے جاتے ہیں۔ تلنگانہ میں پرامن اور بھائی چارگی کے ماحول میں عید اور تہوار منائے جاتے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے رمضان سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ مقدس کے دوران امن و ضبط کی برقراری پر توجہ مرکوز کی جائے۔ مساجد اور عیدگاہوں کے پاس بہتر انتظامات کئے جائیں اور ضروری مرمتی کاموں کی تکمیل کی جائے۔ سڑکوں کی مرمت کے علاوہ ڈرینج کی صفائی پر توجہ دی جائے۔ برقی کی سربراہی بلا وقفہ جاری رہنی چاہئے اور مناسب طور پر پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے۔ وجئے ڈیری کی جانب سے دودھ اور سیول سپلائیز کی جانب سے پکوان گیس کی سربراہی پر توجہ دی جائے گی ۔ مساجد اور عیدگاہوں کے پاس ٹائلٹس کی تعمیر کے علاوہ موبائیل ٹائلٹس کا انتظام کیا جائے۔ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ رات کے اوقات میں ہوٹلوں اور دکانات کو کاروبار کی اجازت دیں اور جبراً بند کرنے سے گریز کریں۔ چیف منسٹر کی جانب سے معززین کیلئے دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ افطار اور سحر کے اوقات میں برقی کی بلا وقفہ سربراہی ، مساجد کے اطراف وقفہ وقفہ سے کچرے کی نکاسی اور صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ ر