ماہ محرم الحرام کیلئے خصوصی انتظامات ‘ 4.5 کروڑ بجٹ مختص

   

Ferty9 Clinic

برقی اور صفائی کے انتظامات پر توجہ کرنے عہدیداروں کو ہدایت ۔ اجلاس میں فیصلے
حیدرآباد۔29اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ماہ محرم کے انتظامات و عاشور خانو ںکی صفائی و تزئین کے کاموںکو جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ حکومت نے ریاست کے عاشور خانوں میں ماہ محرم کیلئے 4.5کروڑ کے مصارف سے نامکمل کاموں کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزراء جناب محمد محمود علی ‘ مسٹر کے ایشور اور مسٹر ٹی سرینواس یادو کے علاوہ جناب الحاج محمد سلیم کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں یہ بات بتائی گئی ۔ اجلاس میں منتخبہ عوامی نمائندوں کے علاوہ مشیرحکومت برائے اقلیتی امور جناب اے کے خان‘ جناب شاہنواز قاسم کے علاوہ دیگر عہدیدارموجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے دوران یوم عاشورہ اور دیگر مجالس عزاکیلئے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہاہے اور متعلقہ محکمہ جات کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مختلف محکمہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماہ محرم کے آغاز سے قبل عاشور خانوں کے قریب برقی انتظامات کے علاوہ صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت نے محرم انتظامات کیلئے 4.5کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے اور اس کے ذریعہ جلد تمام امور کو مکمل کرلیاجائیگا۔ اجلاس میں مولانا سید رضا حسین حیدرآغا‘ مولانا وحید الدین حیدر جعفری کے علاوہ دیگر شیعہ علماء و ذاکرین اور ذمہ دار موجود تھے۔ شیعہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے سال گذشتہ ماہ محرم کیلئے منظورہ بجٹ کے عدم استعمال کی شکایت کی

اور اجلاس طلب کرنے میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ دونوں شہروںمیں عاشورہ سے قبل تمام امور کی تکمیل کے علاوہ بورڈ کی جانب سے سبیلوں کی تنصیب کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جناب اے کے خان نے دیگر متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم کے آغاز سے قبل شہر کے عاشور خانوں کی صفائی اور آہک پاشی کاعمل مکمل کرلیا جائے اس کے علاوہ اضلاع کے عاشور خانوں میں زائرین کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔ اجلاس میں محکمہ اقلیتی بہبود‘ مجلس بلدیہ حیدرآباد‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ آبرسانی‘ محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔