لکھنؤ: بی ایس پی سربراہ مایاوتی جو آئندہ اسمبلی انتخابات 2022 کی تیاری زور وشور پر کر رہی ہیں، نے منگل کو ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کی پارٹی تمام 403 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے یہ بات اتحاد کے سوال پر کہی۔ مایاوتی نے کہا کہ 2007 کی طرح اس بار بھی اگر انہیں موقع ملا تو وہ تمام طبقوں کا خیال رکھیں گی۔ مایاوتی نے اس دوران ریاستی اور مرکزی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں، قبائلیوں اور پچھڑوں کے لیے ریزرویشن بابا صاحب کا تحفہ ہے، لیکن یوپی میں ریزرویشن کو غیر موثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بھی ذات پات کی مردم شماری نہیں کر رہی ہے۔