حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج سوریا پیٹ میں بی ایس پی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور کاشی رام کے خوابوں کی تکمیل کیلئے بی ایس پی کی تائید کریں۔ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پہلی مرتبہ پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے مایاوتی سوریا پیٹ پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی طرح تلنگانہ میں بھی عوام کو بی ایس پی کو مستحکم کرنا چاہیئے تاکہ پسماندہ طبقات اور دلتوںکی ترقی ہو۔ مایاوتی نے کہا کہ تلنگانہ میں جہاں جہاں بی ایس پی کے امیدوار ہیں وہاں عوام کو چاہیئے کہ دلتوں کی آواز کو مستحکم کریں۔ بی ایس پی نے تلنگانہ کے سلسلہ میں جو اعلانات کئے ہیں ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بی ایس پی اگر تلنگانہ میں برسراقتدار آتی ہے تو ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار اور بی ایس پی کے ریاستی صدر آر ایس پروین کمار چیف منسٹر ہوں گے۔
بی ایس پی قائدین نے مایاوتی کا استقبال کیا اور تہنیت پیش کی۔