مایاوتی کی مختار انصاری سے سیاسی دوری کا امکان

   

لکھنو: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی اگلے اسمبلی انتخابات سے قبل خود کو اپنی پارٹی کے لیڈر مختار انصاری سے دور رکھ سکتی ہیں۔ پارٹی نے انصاری کی مئو صدر سیٹ سے متبادل امیدوار کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختار انصاری اس بات سے بھی خوفزدہ ہیں کہ مایاوتی انہیں آخری لمحے میں دھچکادے سکتی ہیں ، اس لیے انہوں نے بھی متبادل کی تلاش شروع کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح یوگی حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی حمایت بھی حاصل کررہی ہے ، اس کے بعد بی ایس پی کولگتا ہے کہ انصاری کے ساتھ ہوناپارٹی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔نیوز چینل اے بی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس معلومات ہیں کہ مایاوتی نہ صرف مختار انصاری کا ٹکٹ مئوسیٹ سے کاٹنے جا رہی ہیں بلکہ یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے اسے ایک بار پھر بی ایس پی سے باہر کا راستہ بھی دکھا سکتی ہیں۔بی ایس پی مختار کی جگہ کسی اور بااثر لیڈر کی تلاش میں ہے ، جسے مئو صدر سیٹ سے نامزد کیا جاسکتا ہے۔