اتر پردیش کے مغل سرائے سے بی جے پی رکن اسمبلی سادھنا سنگھ نے چوطرفہ تنقید کے بعد بی ایس پی سربراہ مایاوتی سے تحریری معافی مانگ لی ہے۔ مایاوتی کو کنّڑ یعنی ہجڑا بتانے کے ساتھ ساتھ ان کی ہتک عزتی کرنے والے کئی بیانات سادھنا سنگھ نے ایک عوامی تقریب کے دوران دیئے تھے جس کے بعد انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر تحریری معافی نامہ پیش کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ “میرے ذریعہ دی گئی تقریر کے دوران میری منشا کسی کی بے عزتی کرنے کی نہیں تھی، بلکہ میری کوشش صرف یہ تھی کہ 2 جون 1995 کو گیسٹ ہاوس واقعہ کی انھیں یاد دلائی جائے جس میں بی جے پی نے مایاوتی جی کی مدد کی تھی۔ میرا مقصد صرف اس واقعہ کی یاد دلانا تھا نہ کہ ان کی بے عزتی کرنا۔ اگر میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔”