ممبئی12 ستمبر (یو این آئی) عبدالواحد شیخ، جو 7/11 ممبئی لوکل ٹرین دھماکوں کے مقدمے میں 2015 میں بری ہونے والے واحد شخص تھے ، نے اپنی نو سالہ قید کو غلط قرار دیتے ہوئے 9 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے یہ اپیل قومی انسانی حقوق کمیشن اور مہاراشٹر اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کو بھیجی ہے ۔ شیخ نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب جولائی میں بمبئی ہائی کورٹ نے مقدمے کے تمام 12 ملزمان کو بری کر دیا اور کہا کہ استغاثہ مکمل طور پر کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ شیخ، جو پیشے سے اسکول ٹیچر ہیں، کو 2006 میں ممبئی ٹرینوں پر سلسلہ وار دھماکوں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دھماکوں میں 180 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے ۔ شیخ نے نو سال جیل میں گزارنے کے بعد رہائی پائی۔ انہوں نے جسمانی اور ذہنی اذیتوں، صحت پر سنگین اثرات اور ان کے خاندان کو مالی نقصانات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے معاوضے کی مانگ کی ہے ۔