مبینہ فلائنگ کسنگ : راہول کیخلاف بی جے پی صف آراء

   

بی جے پی کی 22 ایم پیزکی اسپیکر سے شکایت، ایوان میں ’فلائنگ کس‘ کا اشارہ کیا، سمرتی کا الزام

نئی دہلی: پارلیمنٹ کی رکنیت بحال ہونے کے بعد لوک سبھا میں آج راہول گاندھی نے پہلی مرتبہ خطاب کیا،اور حکومت پر بہت گرجے۔ آج عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے دوران پارلیمنٹ میں انہوں نے مبینہ طور پر فلائنگ کس کیا۔ راہول گاندھی کے اس ردعمل کے خلاف بی جے پی کی 22 خواتین ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے لوک سبھا اسپیکر سے شکایت درج کرائی گئی ہے۔ وہیں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے اس کو نازیبا بتایا ہے۔ بتا دیں کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو ممبر پارلیمنٹ کے طور پر بحال ہونے کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمنٹ میں تقریر کی۔وہ جب اپنی تقریر ختم کرنے کے بعد پارلیمنٹ سے باہر نکل رہے تھے تو ایک ایسا واقعہ پیش آگیا، جس پر سرکاری بنچوں کی خاتون ارکان پارلیمنٹ نے اعتراض کیا ہے۔ اس وقت سمرتی ایرانی عدم اعتماد کی تحریک کے خلاف تقریر کا آغاز کیا تھا۔ تاہم راہول گاندھی کے ردعمل کا وہ لمحہ کیمرے میں قید نہیں ہوپایا ہے۔ اس لمحہ کے گواہ رہے لوگوں کے مطابق جب راہول گاندھی اپنی تقریر کے بعد لوک سبھا ایوان سے باہر نکل رہے تھے تو ان کی کچھ فائلیں گر گئی تھیں۔ جیسے ہی وہ انہیں اٹھانے کیلئے جھکے تو کچھ بی جے پی ارکان ان پر ہنسنے لگے۔اس پر راہول گاندھی نے بی جے پی ارکان کی طرف فلائنگ کس کیا اور ہنستے ہوئے باہر چلے گئے۔ وہیں راہول گاندھی کے اس ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ صرف ایک خاتون مخالف شخص ہی پارلیمنٹ میں خواتین کو فلائنگ کس دے سکتا ہے۔پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر دوسرے دن کی بحث کا آغاز راہول گاندھی کی تقریر سے ہوا۔ راہول نے اپنی 35 منٹ کی تقریر میں بھارت جوڑو یاترا اور منی پور کے بارے میں بات کی۔ راہول نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے آج تک منی پور کا دورہ نہیں کیا ہے۔ منی پور ان کے لیے ہندوستان نہیں ہے۔ میں ریلیف کیمپ گیا۔ خواتین اور بچوں سے بات کی۔ وزیراعظم نے آج تک ایسا نہیں کیا۔ فوج ایک دن میں وہاں امن قائم کر سکتی ہے۔ آپ ایسا اس لیے نہیں کر رہے کہ آپ بھارت میں منی پور کو مارنا چاہتے ہیں۔ آپ مدر انڈیا کے محافظ نہیں ہیں، آپ بھارت ماتا کے قاتل ہو۔مگر راہول کی تقریر کے جواب میں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے کہاکہ راہول بھارت ماتا کو مارنے کی بات کرتے ہیں۔ کانگریس تالیاں بجاتی ہے۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ کس کے ذہن میں خیانت ہے۔سمرتی نے راہول گاندھی پر خواتین خاتون ارکان کے ساتھ بدتمیزی کا الزام لگایا۔ بی جے پی نے اسپیکر سے اس کی شکایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں ایک بات پر اپنا اعتراض ظاہر کرنا چاہتی ہوں۔ جن کو مجھ سے پہلے بولنے کا حق دیا گیا تھا وہ آج جاتے وقت بے حیائی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ خاتون ارکان کو صرف ایک بدتمیز شخص ہی فلائنگ کسز دے سکتا ہے۔