نئی دہلی ۔ /29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اپنے کانسٹبل محمد انیس کا مکان دوبارہ تعمیر کرائے گی ‘ جسے شمال مشرقی دہلی میں حالیہ تشدد کے دوران جلادیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ 29 سالہ کانسٹبل کو گھر شادی کے تحفہ کے طور پر دیا جائے گا۔ انیس موجودہ طور پر مغربی بنگال کے سیلی گوڑی کے قریب بی ایس ایف کیمپ میں متعین ہے ۔ ان کابہت جلد دہلی کو تبادلہ کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ رہ سکے اور اپنی شادی کی تیاری کرسکے ۔ جعفر آباد ‘ موج پور ‘ گوگل پوری ‘ کھجوری خاص اور بھجن پور کے علاقوں میں تشدد کی سنگین وارداتوں کے نتیجہ میں 42 افر اد ہلاک ہوگئے اور زائد از 200 زخمی ہوئے ہیں ۔ بی ایس ایف جوان انیس کے مکان کو بری طرح نقصان پہونچا ہے ۔ تاہم اس کے ارکان خاندان سلامت ہیں ۔ اس گھر کی دوبارہ تعمیر ضروری ہے ۔ بی ایس ایف ڈپٹی انسپکٹر جنرل پشپیندر راتھوڑ نے آج انیس کے والدین اور اس کے دیگر ارکان خاندان سے اس کے مکان پہونچ کر ملاقات کی اور انہیں تیقن دیا کہ تاہم ملٹری فورس کی طرف سے تمام تر اعانت پیش کی جائے گی ۔ بی ایس ایف کے سربراہ اور ڈائرکٹر جنرل وی کے جوہری نے ہدایت دی ہے کہ کانسٹبل کی فیملی کو تمام ممکنہ مدد فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف فیملی کی مانند ہے اورجب کبھی کوئی ممبر کو مدد کی ضرورت پڑے تو تمام وسائل جمع کرتے ہوئے اس کی مدد کی جاتی ہے ۔