متاثرہ سنگارینی مزدوروں سے ملاقات کے لیے ہنمنت رائو راماگنڈم پہنچ گئے

   

مہلوکین کو ایک کروڑ ایکس گریشیا کا مطالبہ، سنگارینی انتظامیہ کے رویہ پر تنقید
حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے راما گنڈم پہنچ کر سنگارینی کالریز کے 4 مہلوک ملازمین کے افراد خاندان سے ملاقات کی جن کی دو دن قبل کوئیلے کی کان میں دھماکے میں موت واقع ہوئی تھی۔ سابق رکن کونسل راملو نائک اور دیگر مقامی قائدین کے ہمراہ ہنمنت رائو نے سنگارینی کالریز کے ملازمین سے ملاقات کی اور ان کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنے کا یقین دلایا۔ کوئیلے کی کان میں اچانک دھماکے سے 4 مزدور ہلاک ہوئے تھے جو عارضی طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ہنمنت رائو نے مطالبہ کیا کہ آندھراپردیش حکومت نے جس طرح گیاس لیکیج کے مہلوکین کے لیے ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا تھا، اسی طرح سنگارینی کالریز کے ملازمین کو بھی معاوضہ ادا کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کے ملازمین اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں اور حال ہی میں کورونا سے نمٹنے کے لیے ملازمین کی جانب سے کئی کروڑ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں جمع کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی ورکرس کے تحفظ میں سنگارینی انتظامیہ ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے مہلوک ملازمین کے افراد خاندان کے تحفظ اور ان کے بچوں کی مفت تعلیم کا انتظام کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ چاروں مہلوکین کے افراد خاندان میں سے کسی ایک کو ملازمت دی جائے تاکہ یہ خاندان معاشی طورپر پریشان نہ ہو۔ ہنمنت رائو نے اعلان کیا کہ وہ پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ اس مسئلہ پر حکومت سے نمائندگی کریں گے۔