بھوپال : مدھیہ پردیش کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی قائد پرویش شکلا کی جانب سے کی گئی غلط حرکت کا نشانہ بننے والے شخص نے سیاسی قائد کو معاف کر دیا ہے۔ میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش میں حکومتی رہنما کے انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بننے والے 36 سالہ متاثرہ شخص دشمت راوت نے سیاسی رہنما کو معاف کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قبائلی شخص دشمت راوت نے ملزم پرویش شکلا کو معاف کرتے ہوئے حکومت سے اْن کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ دشمت راوت کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پرویش شکلا کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے لہٰذا اب اْنہیں رہا کر دیا جائے۔ یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما، پرویش شکلا کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کی ایک مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے شخص پر پیشاب کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ راوت کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سیاسی رہنما سے غلطی ہوئی ہے، اب پرویش شکلا کو رہا کیا جانا چاہیے، ماضی میں جو کچھ بھی ہوا، پرویش شکلا کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے۔