متاثرہ علاقوں میں امدادی کام انجام دینے کانگریس قائدین کو مہیش کمار گوڑ کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ بارش کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کی امداد کے لئے متحرک ہوجائیں۔ کارکنوں کے نام اپنے پیام میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ میدک اور کاما ریڈی کے علاوہ کریم نگر ضلع میں کل سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پارٹی قائدین کو عہدیداروں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے بچاؤ امدادی کاموں میں حصہ لینا چاہئے ۔ مہیش کمار گوڑ نے مختلف اضلاع کے اہم قائدین سے فون پر بات چیت کی اور صورتحال سے آگہی حاصل کی۔ انہوں نے میدک ، کاما ریڈی اور کریم نگر میں چوکسی کا مشورہ دیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں قائدین اور کارکنوں کو عوام کی مدد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت کی خصوصی ٹیموں کے ذریعہ محفوظ مقامات منتقلی کے انتظامات کئے جائیں۔1

بچاؤ اور راحت کے کاموں کی نگرانی کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کا تقرر
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاست میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی کاموں میں مقامی نظم و نسق کی مدد کیلئے حکومت نے آئی اے ایس عہدیداروں کو مقرر کیا ہے۔ بچاؤ اور راحت کے کاموں کی نگرانی کے لئے راجیو ہنومنتوڑو کو کاما ریڈی ، ہریش کو میدک ، سرفراز احمد کو سرسلہ ضلع کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ تینوں عہدیدار اضلاع کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ اسی دوران مختلف اضلاع سے بچاؤ کاموں میں ہیلی کاپٹرس کی خدمات فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ حکومت نے ضلع کلکٹرس سے کہا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کی ضرورت کے بارے میں حکام کو اطلاع دیں اور جہاں ضروری ہو ، وہاں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچاؤ اور راحت کے کام انجام دیئے جائیں گے ۔ ضلع نظم و نسق صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اطلاع دے گا۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں سے عوام کو منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔1