متاثرہ مساجد کی مرمت کی جائیگی : امانت اللہ

   

نئی دہلی 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین دہلی وقف بورڈ اور عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان نے جمعرات کو کہاکہ شمال مشرقی دہلی میں حالیہ تشدد سے متاثرہ مساجد کی مرمت کا کام ایک پیانل کی جانب سے کیا جائے گا جس کے لئے 5 لاکھ روپئے کا ابتدائی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کی مسجد کمیٹی جمعہ سے کام شروع کرے گی اور اِس مقصد کے لئے 5 لاکھ روپئے کی پیشگی رقم جاری کی جاچکی ہے۔ پیانل کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کے تشدد میں 19 مساجد کو نقصان پہنچا ہے۔ وقف بورڈ مصطفی آباد میں ریلیف کیمپ بھی چلارہا ہے جس میں ایک ہزار افراد کے لئے گنجائش ہے جہاں تشدد کے متاثرین پناہ لے سکتے ہیں۔

لیفٹننٹ گورنر دہلی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
دریں اثناء لیفٹننٹ گورنر انیل بائجل نے شمال مشرقی دہلی کے فساد زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے مختلف مسائل بشمول سکیورٹی کے بارے میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ بائجل نے ڈسٹرکٹ میں پیس کمیٹیوں کے ساتھ منعقد بھی منعقد کی۔ ایل جی کا تاثر ہے کہ عوام ، پولیس اور نظم و نسق کی مشترکہ کوششوں سے صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔ اُنھوں نے ایک بیان میں کہاکہ پولیس مسلسل متعین ہے۔ سخت چوکسی برتی جارہی ہے۔ ریلیف اشیاء کی بروقت تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں بلدی نظم میں بھی بہتری پیدا کی گئی ہے۔ اِس کے نتیجہ میں معمول کی حالت بحال ہورہی ہے۔