متاثرین کیلئے امدادی کیمپس اور دیگر سہولتوں کی ہدایت

,

   

کے ٹی آر کا وزیر داخلہ اور دیگر کیساتھ مختلف مقامات کا دورہ

حیدرآباد: دونوں شہروں میں بارش کی تباہ کاریوں اور نشیبی علاقوں کا وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راو نے وزیر داخلہ محمد محمود علی ‘ وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو کے علاوہ وزیر سیاحت سرینواس گوڑ‘ رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی ‘ قائد مقننہ مجلس پارٹی اکبر الدین اویسی اور دیگر ارکان اسمبلی و پارلیمان کے ہمراہ دورہ کیا ۔ شہر کے بعض مقامات پر کے ٹی راما راؤ کو عوامی برہمی سامنا بھی کرنا پڑا جہاں عوام نے ان کی آمد پر تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت اور کے ٹی آر مردہ آباد کے نعرے لگائے۔ حکومت کی جانب سے شہر میں 40 عارضی راحت کاری کیمپ لگانے کے علاوہ 80 ہزار افراد کو غذاء کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے ایل بی نگر‘ ملک پیٹ‘ اعظم پورہ‘ یاقوت پورہ ‘ چندرائن گٹہ ‘ بندلہ گوڑہ کے علاوہ دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نشیبی علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ راحت کاری کیمپوں میں عارضی پناہ حاصل کریں۔ اندرون دو یوم حکومت کی جانب سے راحت کاری پیاکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ انہو ںنے عوامی شکایات کی سماعت اور مکانات میں پانی داخل ہونے کے نقصانات کی تفصیلاتحاصل کیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جن مقامات پر کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں وہاں میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے اوران کیمپس میں پہنچنے والوں کو بستر اور بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ نقصانات کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ نشیبی علاقوں کے علاوہ کیمپوں کے قریب شہریوں کو دو وقت کے کھانے کے انتظامات کو یقینی بنا نے اور انا پورنا اسکیم کے تحت دوپہر اور شام کے مفت کھانے کے انتظامات کی بھی ہدایت دی گئی۔ حکومت کے علاوہ شہر میں کئی مساجد ‘ اسکولوں‘ کالجس ‘کمیونیٹی ہالس میں مختلف تنظیموں کی جانب سے راحت کاری کیمپ قائم کرنے کے علاوہ غذائی پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور کئی شہریوں راحت کاری کاموں میں حصہ لیا۔