6 سال میں ایس راجو کی جائیدادوں میں تین گنا اضافہ ، پی مہیندر ریڈی کی جائیدادوں میں دو گنا اضافہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : متحدہ ضلع رنگاریڈی کے مقامی اداروں کے کونسل کوٹہ انتخابات میں مقابلہ کرنے والے ٹی آر ایس کے موجودہ ارکان قانون ساز کونسل پی مہیندر ریڈی اور ایس راجو کے خاندانی اثاثہ جات میں ماضی کی بہ نسبت زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں قائدین نے کونسل انتخابات کے لیے پیر کو پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں ۔ ان کے داخل کردہ حلف ناموں کی تفصیلات کا جائزہ لینے پر پتہ چلا ہے کہ ایس راجو کی خاندانی جائیدادیں 6 سال میں تقریبا تین گنا بڑھی ہوئی ہیں جب کہ پی مہیندر ریڈی کی خاندانی جائیدادوں میں دو سال کے دوران دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ ساتھ ہی ان دونوں کے قرض میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ سال 2015 میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابات میں ایس راجو کی خاندانی جائیداد کی قدر 86,38,000 تھی جو اب بڑھ کر 3,05,45,220 تک پہونچ گئی ہے ۔ ان پر ماضی میں 8,50,000 کا قرض تھا جو اب بڑھ کر 1,09,05,482 تک پہونچ گیا ہے ۔ اسی طرح پی مہیندر ریڈی کے خاندانی جائیداد و اثاثہ جات سال 2019 میں 8,84,31,560 تھے جو اب بڑھ کر 15,27,64,482 تک پہونچ جانے کا حلف ناموں میں تذکرہ کیا گیا ہے ۔ پی مہیندر ریڈی کے خاندان کو سال 2019 میں 1,03,75,398 کا قرض تھا جو اب بڑھ کر 1,25,46,047 تک پہونچ گیا ہے ۔۔ ن