دوسرے مرحلہ کے امکانی وباء کے پیش نظر سرکاری دواخانوں میں احتیاطی طور پر بڑے پیمانے پر انتظامات
نظام آباد : کرونا کی وبا پر کنٹرول کرنے میں ضلع انتظامیہ ابتدا سے ہی متحرک ہے اور ابتدائی مرحلہ میں بڑے پیمانے پر اقدامات کرتے ہوئے نظام آباد سرکاری دواخانہ کو کرونا ہاسپٹل کی حیثیت سے قرار دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر مریضوں کا علاج کیا تھا اور ہر روز تقریبا 200 افراد دواخانہ میں شریک رہا کرتے تھے ۔ کرونا کی وباء پر ضلع انتظامیہ آہستہ آہستہ کنٹرول میں لاتے ہوئے مریضوں کے بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کے علاوہ عوام کی جانب سے دئیے گئے احتیاطی تدابیر کے باعث ضلع میں کرونا کی وباء پر قابو پایا گیا تھا ۔ لیکن دیگر ریاستوں میں دوسرے مرحلہ کی وباء کی شدت کے پیش نظر ضلع انتظامیہ بھی سرکاری دواخانہ میں مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے قبل ازیں انتظامات میں مصروف ہے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو علاج کرنے کیلئے سرکاری دواخانہ میں 580 بستروں کو دستیاب رکھتے ہوئے بستروں کو آکسیجن کی سہولتیں بھی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور دیگر ادویات پی پی کٹ کے علاوہ 24 آئیسولیشن بستروں پر مشین تیار کی ہے جس پر تقریباً30 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں اور یہ مشین کرونا کے سریز مریضوں کیلئے استعمال کیا جائیگااور سرکاری دواخانہ میں 10لاکھ روپئے کے خرچ سے ڈیجیٹل ایکسرے بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ ڈیجیٹل تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے نکالنے کے بعد مریضوں کو علاج فوری شروع کرسکے اس کے علاوہ دواخانہ میں 75 وینٹی لیٹر کو بھی دستیاب رکھا گیا ہے ۔ کرونا کی وباء دوسرے مرحلہ میں پھیلنے کی صورت میں مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج کیا جاسکے کیونکہ حکومت کی جانب سے دوسرے مرحلہ کی وباء کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کو انجام دیتے ہوئے سرکاری دواخانہ میں تمام سہولتیں فراہم کیا جارہا ہے ۔ ضلع میں کرونا کے کیسس میں قابل لحاظ کمی ہوئی ہے ۔ ابتداء میں متحدہ ضلع میں ہر روز 400 کیسس درج کئے جاتے تھے لیکن اب 40 تا 50 کیسس درج ہورہے ہیں اور بیشتر افراد گھروں میں ہی اپنا علاج کررہے ہیں مریض کی حالت تشویشناک ہونے کی صورت میں ہی دواخانہ میں شریک کروارہے ہیں ۔ نظام آباد سرکاری دواخانہ میں صرف 50 افراد ہی زیر علاج ہیں جبکہ ابتداء میں 200 افراد شریک رہا کرتے تھے متحدہ ضلع کے علاوہ پڑوسی اضلاع نرمل ، عادل آباد ، جگتیال کے مریض بھی حیدرآباد کے بجائے نظام آباد میں ہی علاج کروارہے ہیں ۔ نظام آباد سرکاری دواخانہ میں اور پرائمری ہیلت سنٹروں میں کرونا کے ٹسٹوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے کرونا کی علامت ظاہر ہونے کی صورت میں شک ہونے والے افراد کا ٹسٹ کیا جارہا ہے اور موبائیل ٹسٹ بھی جاری ہے متحدہ ضلع میں اب تک 26500 کیسس درج ہوئے تھے اور ہر روز آرٹی پی سی آر معائنہ بھی کئے جارہے ہیں اور ان معائنوں میں کم از کم پازیٹیو کیس ظاہر ہورہے ہیں سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر پرتیما راج نے بتایا کہ متحدہ ضلع میں دوسرے مرحلہ کی وباء پھیلنے سے قبل ہی انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کرتے ہوئے مریضوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں دواخانہ میں فی الحال 50 مریض زیر علاج ہے ان میں متحدہ ضلع کے علاوہ دیگر اضلاع کے بھی مریض شامل ہے۔