نارائن پیٹ ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر آج طلباء تنظیموں کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی بھر پور تائید و حمایت کرتے ہوئے سینکڑوں طلباء وطالبات سڑکوں پر اتر آئے ۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال آج 22 ویں روز میں داخل ہوگئی اور اس ہڑتال کو تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے ۔ آج طلباء تنظیمیں ، پی ڈی ایس یو ، ایس ایف آئی اور اے بی وی پی سے وابستہ طلباء نے تمام اسکولوں اور کالجوں میں کلاسوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ریالی میں شرکت کی ۔ طلباء ریالی میں مخالف حکومت اور مخالف کے سی آر نعرے لگا رہے تھے ۔ کے سی آر ڈاؤن ڈاؤن کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ سینکڑوں طلباء نے بس ڈپو کے قریب آر ٹی سی ملازمین کے احتجاجی و ہڑتالی کیمپ پہنچ کر آگے بڑھو اور اڑے رہو ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعرے لگائے ۔ طلباء یونین قائدین نے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ اگر انصاف کرتے ہوئے ان کے جائز مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ اس موقع پر سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، کانگریس ، بی جے پی ، ٹی ڈی پی قائدین نے بھی طلباء کی ریالی میں شرکت کی ۔۔