متحدہ ضلع کریم نگر کے بعد ورنگل میں بھی … !

,

   

Ferty9 Clinic

جگتیال کی طرح خاندانی سروے کرنے والے انویسٹیگٹر کو عوام نے پکڑ کر انتصار گنج پولیس کے حوالے کردیا
ورنگل۔/8 ـجنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل کے مسلم آبادی والے علاقہ ایل بی نگر میں خاندانی سروے کرنے والے نوجوان کو مقامی عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ حالیہ دنوں میں جگتیال میں بھی اس ٹیم کے فرد کو پکڑا گیا تھا ، ایم شیوا کمار نامی شخص نے خود کو فیلڈ انویسٹیگٹرس کے طور پر گورنمنٹ آف انڈیا منسٹری آف اسٹائٹکس اینڈ پروگرم ایمپلمیشن کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے شناختی کارڈگلے میں ڈال کر مکانات پہنچ کر مکان کی تصویر لیتے ہوئے گھر میں کتنے لوگ ، آپ کا فینانشیل پوزیشن کیا ہے ، کتنے لوگ سرکاری ملازمت اور کتنے خانگی ملازمت، یا لیبر کا کام کرتے ہیں۔ ایک خاندان میں کتنے لوگ ہیں، پوچھنے لگا۔ مقامی نوجوانوں نے اس کو پکڑا ، سابق کارپوریٹر محمد صادق نے ایم شیوا کمار سے تفصیلات معلوم کرنے پر اس نے کہاکہ گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے سروے کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ اس کے پاس کوئی ٹھوس کاغذات بھی نہیں ہیں اس شخص کو انتصار گنج پولیس کے حوالے کیا گیا۔ انسپکٹر نے اس کے تمام کاغذات کی جانچ کرکے اوریجنل ڈاکیومنٹ بتانے کو کہا۔ اس کے آفس وغیرہ کی تفصیلات پوچھنے پر کہا کہ ڈائیٹ کالج بالا سمدرم کے پاس آفس ہے ، پولیس اس ضمن میں تحقیقات کررہی ہے۔ ملک بھر میں خاندانی سروے ، این آر سی کو لے کر عوام شدید غصہ میں ہیں۔ ایسے حالات میں اس طرح کا سروے حالات کو مزید خراب کرسکتے ہیں۔ اس طرح کے سروے کی نہ ہی ریاستی حکومت سے کوئی اجازت نامہ ہے اور نہ ہی محکمہ پولیس کو اطلاع دی گئی اس کے پاس جو شناختی کارڈ ہے اس کی میعاد بھی ختم ہوچکی ۔ اس نے بتایا کہ ہمیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ چند منتخب محلہ جات کا سروے کریں۔ لیکن کون کون سے محلہ جات کا سروے کرنے کو کہا گیا ہے اس نے کوئی تشفی بخش جواب نہیں دیا۔ اس کے پاس سے سینئر اسٹائٹیکل آفیسر آویہ کمار سابو سب ریجنل آفس ورنگل کی جانب سے جاری کردہ لیٹر ملا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خاص کر مسلم آبادی والے علاقوں کا ہی سروے کرنے کی ان کو ہدایت ملی ہے۔ حالیہ دنوں میں جگتیال کے مسلم علاقہ میں بھی اس طرح کا سروے کیا گیا ۔ ایل بی نگر میں سروے کیلئے آنے والے شخص ایم شیوا کمار سے جب ربط پیدا کیا گیا تو اس نے بتایا کہ این ایس ایس او ( ایف او ڈی ) کے تحت نیشنل سروے کیا جارہا ہے۔