متحدہ عادل آباد کے تین اعلیٰ عہدیدار سیاست میں قدم رکھنے تیار

   

پرکاش راتھوڑ ، شیام نائیک اجمیرہ ، پانڈو رنگا نائیک بلالحاظ مذہب و ملت خدمت کے جذبہ سے سرشار

نرمل ۔29 اگسٹ ۔ ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) سارے ملک میں انتخابات کا نشہ سیاسی پارٹیوں کے سر چڑھ کر بول رہا ہے اور خواہشمند قائدین اپنے اپنے سیاسی مستقبل کو لیکر پارٹیوں کا انتخاب کرنے میں مصروف ہوچکے ہیں ۔ دوسری طرف سرکاری ملازمین بھی جو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں وہ بھی عوامی خدمت کے تناطر میں سیاسی زمین تلاش کررہے ہیں ۔ گزشتہ ماہ ہی نظام آباد میں خدمات انجام دیتے ہوئے جاریہ سال میں پولیس کمشنر نظام آباد کی حیثیت سے مارچ میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ناگاراجو جن کا تعلق ورنگل ضلع سے ہے وہ اسی ضلع کے وردھنا پیٹ اسمبلی حلقہ سے اسبملی انتخاب کیلئے کانگریس کے ٹکٹ پر کوشاں ہیں ، اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرچکے ہیں دلچسپ پہلو ضلع عادل آباد میں نظر آیا کہ اس ضلع سے تعلق رکھنے والے تین اعلیٰ عہدیدار بھی میدان سیاست میں اپنا قدم رکھنے کی تیاری شروع کرچکے ہے جن میں قابل ذکر پرکاش راتھوڑ جو اس وقت حیدرآباد میں انکم ٹیکس آفیسر کی حیثیت سے برسرملازمت ہیں ۔ دوسرے عہدیدار پانڈو رنگانائیک ریاست تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں جوائنٹ کمشنر کی حیثیت سے برسرملازمت ہیں جبکہ ایک اور عہدیدار شیام نائیک اجمیرہ جو آر ٹی او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے گزشتہ ماہ ہی رضاکارانہ طورپر ملازمت چھوڑ دی اور گاندھی بھون پہنچ کر ریونت ریڈی صدر کانگریس سے ملاقات کرتے ہوئے باقاعدہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ ان کی اہلیہ ریکھا نائیک اجمیرہ موجودہ رکن اسمبلی خانہ پور ہیں جو دو مرتبہ ٹی آر ایس کے بیانر تلے منتخب ہوئی اس بار چندرشیکھر راؤ نے اس اسمبلی حلقہ سے ایک نوجوان NRI جانسن نائیک کے نام کو قطعیت دیدی ، ریکھا نائیک اجمیرہ پارٹی سے ناراض ہیں اور بہت جلد بتایا جاتا ہے کہ وہ کانگریس میں شامل ہونے جارہی ہیں ۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ ان تین اعلیٰ عہدیداروں میں پرکاش راتھوڑ انکم ٹیکس آفیسر ہیں اُنھیں بہت جلد ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس کے عہدہ پر ترقی کا موقع ہے اس کے باوجود وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت پارلیمنٹ عادل آباد سے مقابلہ کرنے کے خواہشمند ہیںجبکہ ضلع میں کوئی تین برس سے کئی ایک فلاحی تعلیمی سماجی خدمات کو انھوں نے اپنا نصب العین بنالیا ۔ ان سے نمائندہ سیاست نے بات چیت کی تو انھوں نے بتایا کہ انھوں نے غریبی کو بہت قریب سے دیکھا ہے کئی طلباء و طالبات مالی مسائل کی وجہ سے اسکول کا رُخ نہیں کرتے اس لئے یہ میرا جنون ہے کہ میں ان بچوں کو تعلیم دلوانے کیلئے ان پر اپنی تنخواہ کی رقم بھی خرچ کرنے سے گریز نہیں کروں گا ۔ پرکاش راتھوڑ کو جنون کی حد تک بلالحاظ مذہب و ملت خدمت کا جذبہ ہے اور وہ کانگریس کے قد آور قائدین بالخصوص مدھویاشکی سابق رکن پارلیمنٹ کے کئی عرصہ سے قریبی رفیق رہے ہیں ۔ میں نے آر ٹی او شیام نائیک اجمیرہ سے بھی فون پر بات کی اور کہا کہ آپ تو کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں آپ اسمبلی کے خواہشمند ہو یا پارلیمنٹ کے ؟ تو شیام نائیک نے کہاکہ پارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر عمل کروں گا ۔ نمائندہ سیاست نے پھر جوائنٹ کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ پانڈو رنگانائیک سے فون پر بات چیت کی تو انھوں نے واضح انداز میں کہاکہ میری ملازمت کو ابھی ایک سال باقی ہے اور متحدہ ضلع عادل آباد میں کافی برس ملازمت کی ہے میرا فیصلہ ہے کہ میں 2024 ء کے پارلیمانی انتخابات میں مقابلہ کیلئے تیاری کروں گا ۔ نمائندہ سیاست کے اس سوال پر کہ کس سیاسی جماعت کے بیانر تلے پارلیمنٹ الیکشن لڑنے کی تیاری ہورہی ہے ؟ پانڈو رنگا نائیک نے کہاکہ وقت آنے پر باقاعدہ اعلان کیا جائیگا ۔و اضح رہے کہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں تاہم پارلیمنٹ اور اسمبلی کے لئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ گئی ہیں، قبل از وقت بی آر ایس کے امیدواروں کی فہرست کی اجرائی سے بھی سیاسی ہلچل میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔