متحدہ عادل آباد کے 4 اضلاع میں کانگریس صدور کا اعلان

   

ویڈمابوجو نرمل، ڈاکٹر نریش جادھو عادل آباد، آترم سگنا آصف آباد، رگھوناتھ ریڈی منچریال کے پارٹی صدور مقرر
نرمل۔ 23؍نومبر (جلیل ازہر کی رپورٹ)۔ کافی طویل عرصہ سے کانگریس پارٹی کے ضلع صدور کے تقررات کا پارٹی کیڈر میں شدت سے انتظار کیا جارہا تھا، تاہم متحدہ ضلع عادل آباد کے 4 اضلاع کے صدور کا آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ریاستی پارٹی امور کی انچارج میناکشی نٹراجن کی راست نگرانی میں ریاست تلنگانہ میں جملہ 36 اضلاع و سٹی کانگریس کے صدور کا اعلان کردیا گیا جس میں متحدہ ضلع عادل آباد کے 4 اضلاع نرمل ضلع صدر کانگریس کی حیثیت سے خانہ پور حلقہ اسمبلی کے موجودہ رکن اسمبلی مسٹر ویڈما بوجو، عادل آباد ضلع صدر کی حیثیت سے سینئر کانگریس قائد ڈاکٹر نریش جادھو، کمرم بھیم آصف آباد ضلع سے خاتون قائد و گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں ضلع عادل آباد سے کانگریس کی امیدوار تھیں، آترم سگنا کو صدر ضلع کانگریس میں آصف آباد جب کہ منچریال ضلع سے رگھوناتھ ریڈی کو صدر ضلع کانگریس منچریال کا موقع دیا گیا ہے۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ ضلع نرمل کے 3 اسمبلی حلقہ جات میں مدہول اسمبلی اور نرمل اسمبلی حلقہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے جب کہ حلقہ اسمبلی خانہ پور سے ویڈما بوجو نے کانگریس سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس ضلع میں کانگریس کی شناخت برقرار رکھی۔ ہائی کمان نے انھیں آج صدر ضلع کانگریس نرمل کی ذمہ داری بھی دی ہے۔ منچریال ضلع کے تین اسمبلی حلقہ جات پر کانگریس کا قبضہ ہے۔ آصف آباد ضلع کے دو اسمبلی حلقہ جات میں ایک پر بی آر ایس اور ایک اسمبلی حلقہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے، وہیں عادل آباد ضلع کے دو اسمبلی حلقہ جات میں ایک بھارتیہ جنتا پارٹی اور ایک حلقہ اسمبلی پر بی آر ایس کا قبضہ ہے۔ چار اضلاع میں منچریال وہ واحد ضلع ہے جہاں کانگریس پارٹی کا موقف بہت مضبوط ہے، ماباقی تین اضلاع میں نومنتخب صدور کو کافی محنت و مشقت کی ضرورت ہے، کیونکہ بہت جلد ریاست میں مجالس مقامی کے انتخابات کا اعلان ہونے کے امکانات ہیں۔ ہر سیاسی جماعت انتخابات کے لئے تیاری میں مصروف دکھائی دے رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ دیکھنا ہوگا کہ کانگریس کے نومنتخب صدور پارٹی کو کس حد تک مضبوط کرتے ہیں۔ اس لئے کہ متحدہ ضلع عادل آباد کے جملہ 10 اسمبلی حلقہ جات میں 4 پر بھارتیہ جنتا پارٹی، چار اسمبلی حلقہ جات پر کانگریس پارٹی اور دو اسمبلی حلقہ جات پر بی آر ایس کا قبضہ ہے جب کہ پارلیمانی نشست عادل آباد پر بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہے۔ تمام جماعتیں مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے متحرک ہوچکی ہے۔