نئی دہلی۔ ہندوستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل کے مابین معمول کے سفارتی تعلقات کے قیام کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید کی ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے مابین دو ملکوں کے نظریہ پر بات چیت جلد ہی شروع ہو گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے یہاں باقاعدہ بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو فون کرکے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے اعلان کے بارے میں اطلاع دی۔ترجمان نے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیاء کے اپنے پڑوس میں امن، استحکام اور ترقی کے اقدامات کی مستقل حمایت کرتا رہا ہے۔ ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر مختلف ممالک نے مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اس کیلئے روس ، بھوٹان ، مالدیپ ، لتھوینیا اور لتھویا کے وزرائے خارجہ سے اظہار تشکر کیا۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد نے اپنے پیام میں کہا کہ ہندوستان جمہوریت اور ترقی کی بہترین مثال ہے ۔