متحدہ عرب امارات میٹاورس کی دنیا میں قدم رکھنے والا پہلا ملک بن گیا

   


ابوظہبی : متحدہ عرب امارت کو حاصل کئی اعزازات میں ایک بڑا اعزاز یہ ہے کہ دبئی میں دنیا کی سب سے اونچی عمارت ‘برج خلیفہ’ قائم ہے جو کاروبار کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے۔ اب دبئی ایک ایسی دنیا کو حقیقت میں بسانے جا رہا ہے جو اب تک خیالوں میں آباد ہے۔اس دنیا کا نام ‘میٹا ورس’ ہے، میٹاورس ایک سائنسی اصطلاح ہے جس پر بہت سے ہائی ٹیک سائنسی ادارے کام کر رہے ہیں۔میٹا ورس کو انٹرنیٹ سے آگے کی دنیا قرار دیا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ نے دنیا بھر کو ایک گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے جب کہ میٹا ورس سے دنیا آپ کے کمرے میں آ جائے گی۔ آپ جس سے بات کرنا چاہیں گے، وہ ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود اس انداز میں آپ کے سامنے ہو گا کہ آپ اس کا وجود محسوس کر سکیں گے۔