متحدہ عرب امارات میں رمضان کی تیاریوں کا آغاز

,

   

اشیائے ضروریہ 50 فیصد سستی ، وزارتوں،محکموں اور سرکاری اداروں کے اوقات میں تبدیلی

دبئی۔20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے رمضان کے دوران وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے ملازمین کے لیے نئے اوقات کار جاری کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رمضان کے دوران سرکاری اداروں میں ڈیوٹی کے اوقات صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک ہوں گے۔اس سے ایسے اداروں کے ملازم مستثنی ہوں گے جنہیں مختلف اوقات میں ڈیوٹی دینا پڑتی ہے۔علاوہ ازیںامارات میں کھانے پینے کی چیزیں اور اشیائے ضروریہ رمضان میں پچاس فیصد تک سستی کردی گئیں۔ امارات میں ریٹیل کے تاجرو ں نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی چیزیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 20 سے 50 فیصد تک کم نرخوں پر فروخت ہوں گی۔ تاجروں کے مطابق رمضان پیشکش رمضان کے آخر تک جاری رہے گی۔ مارکیٹنگ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل البستقی نے کہا کہ التعاونیہ نے رمضان شروع ہونے سے قبل ہی صارفین کی رمضان ضروریات پوری کرنے کے لیے پچاس فیصد تک رعایتی نرخ جاری کردیے۔ تاجروں نے فیصلہ کیا ہے کہ صارفین کو رمضان میں سہولتیں دیں اور بحرانی حالات سے کوئی فائدہ نہ اٹھائیں۔ التعاونیہ نے رمضان میں خریدی جانے والی اشیا درآمد کرنے کے لیے 450 ملین درھم مالیت کا سامان طلب کرلیا ہے۔ (اسواق) گروپ کے ترجمان عبدالحمید نے بتایا کہ ریٹیل کی دکانوں نے 20 سے 50 فیصد تک رعایتی نرخ مقرر کردیے ہیں۔ رمضان میں طلب کی جانے والی تمام اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں۔کارفور کی انتظامیہ نے کہا ہیکہ رمضان میں مختلف قسم کی پیشکشیں بھی ہوں گی۔یادرہے کہ اس وقت متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے حالات کافی مشکل ترین ہیں اور لاک ڈاون کی وجہ سے عوام زندگی کافی متاثر ہے۔