متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحی کے موقع پر قرض کی معافی اور قیدیوں کی رہائی

   

ابوظہبی5جون (یو این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کی ہدایت پر نیشنلز ڈیبیٹ سیٹلمنٹ فنڈ نے 222 شہریوں کے مجموعی طور پر 139 ملین درہم سے زائد کے قرضے معاف کردیئے ۔ عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام اماراتی شہریوں کی زندگی میں آسانی اور ملک میں سماجی بہبود اور سماجی استحکام کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔بیان کے مطابق اس اہم اقدام کا مقصد خاص طور پر ریٹائر افراد اورسماجی تحفظ سے فائدہ اٹھانے والوں کے مالی بوجھ میں کمی، ان کے معیار زندگی اور اور خاندانی استحکام کو مضبوط بنانا ہے ۔اس اقدام کے تحت 132 ریٹائرڈ شہریوں کے مجموعی طور پر 86 ملین درہم سے زائد کے قرضے معاف کیے گئے جبکہ سماجی تحفظ کے زمرے میں شامل 90 شہریوں کو 53 ملین درہم سے زیادہ قرضے سے استثنی دے دیا گیا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں عیدالاضحی کے موقع پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔