متحدہ عرب امارات کا ہندوستانی پروازوں پر امتناع برقرار

   

اواخر جولائی تک پروازوں کی بحالی ممکن ، امکانی وائرس کی تیسری لہر پر فیصلہ
حیدرآباد۔ متحدہ عرب امارات نے ہندستانی پروازوں پر امتناع کو جاری رکھا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جولائی کے اواخر میں ہندستان سے دبئی کے لئے پروازوں کو بحال کئے جانے کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ایویشن اتھاریٹی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ہندستان کے علاوہ دنیا بھر کے 13 دیگر ممالک کے لئے عام پروازوں پر 21جولائی تک امتناع عائد رہے گا اور اس امتناع سے کارگو‘ بزنس اور چارٹرڈ پروازوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔فیڈرل ایویشن اتھاریٹی کی جانب سے گذشتہ یوم جاری کئے جانے والے احکامات کے مطابق ہندستان کے علاوہ پاکستان‘ لیبریا‘ نا میبیا‘زامبیا‘ یوگانڈا‘ بنگلہ دیش‘نیپال ‘ سری لنکا‘نائیجیریا‘ ساؤتھ افریقہ کی پروازو ںکوبھی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران 24 اپریل کو ہندستان سے پروازو ںکو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک اس فیصلہ میں 3مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے ۔ دبئی کے لئے پروازوں کے 7جولائی سے آغاز کی توقع کی جارہی تھی لیکن جس انداز سے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے دبئی سے 21 جولائی تک کے لئے امتناع میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق یو اے ای کے شہریوں کے علاوہ سفارتی عملہ کو اس امتناع سے مستـثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے بعد سے متحدہ عرب امارات میں شامل ممالک کی جانب سے ان کی اپنی اپنی علحدہ سفری منصوبہ بندی پر عمل کیا جا رہا تھا لیکن دوسری لہر کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے احکامات میں متحدہ عرب امارات کے تمام ممالک نے مشترکہ فیصلہ کرتے ہوئے یہ پابندیاں عائد کی ہیں جو کہ آئندہ ماہ کے اواخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں نے تیسری لہر کے خدشات کے تحت پروازوں پر عائد امتناع پر توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ اگر آئندہ چند ماہ کے دوران تیسری لہر کا آغاز نہیں ہوتا ہے تو ایسی صورت میں پروازوں پر عائد کردہ امتناع کو برخواست کردیا جائے گا۔دبئی ‘ شارجہ ‘ ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات میں شامل علاقوں کے لئے پرواز کرنے والوں کو اس امتناع کے سبب کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔