متحدہ عرب امارات کے اداروں کی تلنگانہ میں 2125 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

5000 سے زائد روزگار، یادداشت مفاہمت، وزیر آئی ٹی سریدھر بابو کا اعلان
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کی موجودگی میں متحدہ عرب امارات کی 2 مشہور کمپنیوں نے تلنگانہ میں 2125 کروڑ کی سرمایہ کاری سے متعلق یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ جس سے 5020 روزگار کے اضافی مواقع پیدا ہوں گے۔ یو اے ای کی 2 کمپنیوں شیویا گروپ اور ٹیرانیس کیپٹل نے مشترکہ طور پر 2125 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ سکریٹریٹ میں کمپنی کے نمائندوں نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ملاقات کی۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ تلنگانہ کی 5 مختلف کمپنیوں کے ساتھ یہ معاہدات کئے گئے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ روزگار کے مواقع اضافہ کرنے کی کامیابی حکمت عملی تیار کی ہے۔ گزشتہ 18 ماہ میں سرکاری محکمہ جات کی 60 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے گئے اور 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے ہیں۔ سریدھر بابو کے مطابق خانگی شعبہ میں نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ یو اے ای کے اداروں نے ریولیشن بائیوٹیک کے ساتھ 1360 کروڑ، میانکن بائیو ٹیکنالوجی کے ساتھ 340 کروڑ، سبودا انفریٹی انویسٹمنٹ کمپنی کے ساتھ 80 کروڑ، ایکزی جینٹ ڈریلنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ 90 کروڑ اور ینترا ٹیک کنٹرولس سے 255 کروڑ کے معاہدات کئے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کی جانب سے یہ آغاز ہے۔ مزید کئی اداروں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ آئندہ 3 برسوں میں متحدہ عرب امارات سے مزید 24 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری بائیو ٹیک، آرٹیفشل انٹلی جنس، ڈیٹا سنٹرس، ڈیفنس، انرجی اور پبلک انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں کی جائے گی۔ اِس موقع پر شیویا گروپ کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر امیت جگناتھ ورما، پرانیس کیپٹل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیکولاس ایس بنگھم، ریولیوشن بائیو ٹیک کے منیجنگ ڈائرکٹر روی چندرا، میانکن بائیو کے ڈائرکٹر جسون پرانئے اور دیگر اداروں کے نمائندے موجود تھے۔1