متحدہ عرب امارات کے اسرائیل میں متعین کردہ پہلے سفیرکی حلف برداری

   


تل ابیب : حاکم دبئی اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اسرائیل میں مقرر کیے گئے ملک کے پہلے سفیر محمد محمود الخاجہ سے اتوار کوان کے عہدے کا حلف لیا ہے۔یواے ای کی کابینہ نے گذشتہ ماہ تل ابیب میں اپنا سفارتخانہ قائم کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ اسرائیل نے ابوظہبی میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔اسرائیل نے اپنا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس میں قائم کررکھا ہے اور وہ اس متنازعہ شہر کو اپنا دائمی دارالحکومت قرار دیتا ہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اس کے اس دعوے کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا اور امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے اس شہر میں منتقل کردیا تھا۔ چند ایک اور ممالک نے بھی اپنے سفارتخانے مقبوضہ بیت المقدس میں منتقل کیے ہیں جبکہ بیشتر ممالک تل ابیب ہی کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں اور انہوں نے وہیں اپنے سفارتخانے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ یو اے ای نے 13 اگست 2020ء کو اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کے تاریخی امن معاہدے کا اعلان کیا تھا اور پھر اس کی روشنی میں 29 اگست کو ایک فرمان جاری کیا تھا ،اس کے تحت اسرائیل کے معاشی بائیکاٹ سے متعلق یو اے ای کے قانون کو منسوخ کردیا گیا تھا۔