متحدہ محبوب نگر میں سردی کی لہر، بچے کئی امراض کے شکار

   

Ferty9 Clinic

جنرل ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد میں دوگنی اضافہ، عوام سے محتاط رہنے ماہرین کی اپیل

محبوب نگر ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع محبوب نگر میں شدید سردی کی لہر عوام کے لئے سخت مشکلات پیدا کررہی ہے۔ چھوٹے بچے بالخصوص صحت کے مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں اور رات کے آغاز سے ہی سردی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ چھوٹے بچے بخار، کھانسی، نزلہ اور سانس کی تکلیف و دیگر امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ گزشتہ 15 دنوں میں محبوب نگر کے علاوہ ناگرکرنول، گدوال، ونپرتی اور نارائن پیٹ کے جنرل ہاسپٹل میں بچوں کی بڑی تعداد زیر علاج ہے۔ بچوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹر علاج میں مصروف ہیں۔ مستقر محبوب نگر کے مرلو علاقہ کے ندا تبسم اور محمد انس کے والد نے بتایا کہ بچے موسمی امراض کی لپیٹ میں تھے جو علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ شدید بخار کی شکایت پر انہیں جنرل ہاسپٹل محبوب نگر میں شریک کروایا گیا تھا۔ ڈاکٹر محمد سراج الدین چلڈرن اسپیشلسٹ نے سیاست نیوز کو بتایا کہ بچوں کے والدین کو کافی محتاط رہنا ہوگا۔ بچوں کو سردی سے محفوظ رکھیں۔ باہر کی غذاؤں سے پرہیز کریں۔ آئسکریم، ٹھنڈا پانی ہرگز استعمال نہ کریں۔ پانی گرم کرکے پلائیں۔ بچوں کی ایمرجنسی دوائیں گھر میں تیار رکھیں۔ صبح 6 تا 8 بجے گھر سے باہر نہ آئیں۔ ضرورت پڑنے پر قریبی ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔ مستقر کے جنرل ہاسپٹل میں جہاں روزانہ 80 تا 100 بچے علاج کے لئے رجوع ہوتے تھے وہ تعداد اب دگنی ہوگئی ہے۔ گزشتہ کی ہفتہ سردی زیادہ سے زیادہ 20.10 اور کم از کم 16.7 درج کی گئی ہے۔