ضلع کے سرکاری ہاسپٹلس کی ترقی پر چیف منسٹر کی خصوصی توجہ، ریاستی وزیر دامودھر راج نرسمہا کا بیان
محبوب نگر ۔ 7 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت متحدہ ضلع محبوب نگر کو ہمہ جہت ترقی دینے کا تہیہ کرچکی ہے۔یہ وضاحت دامودھر راج نرسمہا ریاستی ومیر صحت، میڈیکل اینڈ فیملی ویلفیر نے آج مستقر محبوب نگر پر کیا۔ وہ آج محبوب نگر کے دورہ کے موقع پر بس اسٹانڈ کے روبرو (قدیم کلکٹریٹ کے احاطہ میں) زیر تعمیر سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے تعمیری نقشہ کا جائزہ لے رہے تھے۔ ان کے ہمراہ مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی بھی تھے۔ انہوں نے کہا متحدہ ضلع میں سرکاری کالجس اور سرکاری دواخانوں کی ترقی پر ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں ترقی کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ سماجی اور معاشی میدانوں میں مسلسل ترقی ہی ہمارا مقصد ہے۔ ان سارے میدانوں کا احاطہ کرتے ہوئے ہم ترقی کی طرف گامزن ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہاسپٹل کے عہدیداران اور ای ای سے کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر ایم ایل ایز میگھاریڈی (ونپرتی)، مدھو سدھن ریڈی (دیورکدرہ) انیرودھ ریڈی (جڑچرلہ)، ضلع کلکٹر وجیندرابوئی، ضلع ایس پی جانکی دھراوت، ایڈیشنل کلکٹر شویندر پرتاب، میونسپل چیرمین آنند گوڑ، ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کرشنا، بی ڈی ڈی آر ڈی اے، میونسپل کمشنر مہیشور ریڈی، جنرل ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جیون، میڈیکل کالج پرنسپل ڈاکٹر رمیش، ویدیا شالہ ای آئی جئے پال ریڈی، محبوب نگر ڈسٹرکٹ ہاسپٹل بورڈ کے ذمہ داران و دیگر موجود تھے۔