متحدہ محبوب نگر کے تمام 14 ارکان اسمبلی کو ہی بی آر ایس ٹکٹ

   

چیف منسٹر کے اعلان کے بعد قیاس آرائیاں ختم ، بعض قائدین فرزندوں کو ٹکٹ دلانے میں ناکام

محبوب نگر ۔22 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس ہائی کمان نے متحدہ ضلع محبوب نگر کے تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو آئندہ انتخابات کیلئے دوبارہ ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ متحدہ ضلع کے جملہ 14 اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کیلئے صدر بی آر ایس و ریاستی چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پیر کے دن ناموں کا اعلان کردیا ۔ ایک دو حلقہ جات میں موجودہ ایم ایل ایز کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کی قیاس آرائیاں بھی ختم ہوگئیں۔ امیدواروں کے نام حسب ذیل ہیں : وی سرینواس گوڑ محبوب نگر ، سی لکشما ریڈی جڑچرلہ ، آلہ وینکٹیشور ریڈی دیورکدرہ ، چٹم رام موہن ریڈی مکتھل ، راجندر ریڈی نارائن پیٹھ ، نرنجن ریڈی ونپرتی ، بنڈلا کرشنا موہن ریڈی گدوال ، ابراہام عالم پور ، ایم جناردھن ریڈی ناگر کرنول ، بال راج اچم پیٹھ ، ہرشا وردھن ریڈی کولا پور ، جئے پال یادو کلواکرتی ، پٹنم نریندر ریڈی کوڑنگل ، مہیشور ریڈی پرگی ۔ اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حلقہ اسمبلی کولا پور کے سواء تمام بی آر ایس امیدوار 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے ۔ کولاپور سے ہرش وردھن ریڈی کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جبکہ بی آر ایس امیدوار جوپلی کرشنا راؤ کو ہرش وردھن ریڈی سے شکست ہوگئی تھی ۔ ہرش وردھن ریڈی نے کامیابی کے بعد بی آر ایس سے وابستگی اختیار کرلی تھی اور اب بی آر ایس امیدوار ہیں۔ متحدہ ضلع کے چند اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس ٹکٹ کے دعویداروں کو مایوسی ہوئی ۔ عالم پور سے اسپیشل ریپریزنٹیٹیو فار گورنمنٹ مندا جگناتھم کے فرزند سری ناتھ بھی ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ موجودہ ایم ایل اے ابراہام کے بیٹے بھی ٹکٹ کے خواہشمند تھے لیکن ہائی کمان نے ابراہام کو ہی برقرار رکھا ۔ کلواکرتی سے ایم ایل سی کے نارائن ریڈی بھی ٹکٹ کیلئے آخر وقت تک کوشاں رہے ۔ ہائی کمان نے فہرست جاری کرتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا ۔ اچم پیٹھ سے رکن پارلیمنٹ راملو بھی اپنے بیٹے کیلئے کوشش میں ناکام رہے ۔ اس سے قبل 2018 ء میں انھوں نے کوشش کی تھی لیکن ہائی کمان نے بال راج کو ہی برقرار رکھا ۔ دیگر حلقہ جات میں گروپ بندیاں نہ ہونے سے موجودہ ایم ایل ایز کو دوبارہ ٹکٹ کا راستہ آسان ہوگیا ۔ ہائی کمان نے جیسے ہی فہرست جاری کی اسمبلی حلقہ جات میں بی آر ایس کارکنوں نے جشن منایا ، کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور اپنے قائدین کو مبارکباد دی ۔