کاماریڈی۔ 13 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع نظام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں برسرِ اقتدار کانگریس پارٹی کی برتری واضح طور پر برقرار رہی۔ کاماریڈی اور نظام آباد اضلاع کی بیشتر بلدیات میں کانگریس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا مقام برقرار رکھا ۔کاماریڈی ضلع کی بچکندہ، ایلاریڈی اور بانسواڑہ بلدیات میں کانگریس نے اکثریتی نشستیں جیت کر بلدیاتی اداروں پر قبضہ کر لیا۔ بچکْندہ بلدیہ کی 12 نشستوں میں سے 10 کانگریس کے حصے میں آئیں جبکہ دو نشستوں پر بی آر ایس کامیاب ہوئی۔ ایلاریڈی بلدیہ میں جملہ 12 وارڈز میں سے 10 پر کانگریس امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ایک نشست بی آر ایس اور ایک آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ بانسواڑہ بلدیہ کی 19 نشستوں میں کانگریس نے 11 پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی آر ایس تین، بی جے پی تین، ایک آزاد امیدوار اور ایک مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح نظام آباد ضلع میں بودھن اور بھیمگل بلدیات پر بھی کانگریس نے قبضہ جما لیا۔ بھیمگَل بلدیہ میں 12 میں سے 8 نشستیں کانگریس نے قبضہ کیا جبکہ بی آر ایس کو صرف چار نشستوں پر کامیابی ملی۔ ان نتائج کے بعد متعلقہ بلدیات میں کانگریس کارکنان نے جشن مناتے ہوئے اپنی پارٹی کی کامیابی کا بھرپور خیرمقدم کیا۔