اتم کمار ریڈی کا جائزہ اجلاس، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی اور ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کی شرکت
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے متحدہ نلگنڈہ ضلع کے زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع کے زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور وزیر امارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی شریک تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ زرعی شعبہ کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی پراجکٹس کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2005ء میں اُس وقت کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ایس ایل بی سی سرنگ کی تعمیر کے لئے راضی کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایس ایل بی سی کی سرنگ دنیا میں اپنی نوعیت کی منفرد سرنگ ہے اور موجودہ حکومت نے سرنگ کے باقی حصے کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں سیاسی کارروائی کے تحت نلگنڈہ کے آبپاشی پراجکٹس کو نظرانداز کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2027ء تک سری سیلم لفٹ بینک کنال سرنگ کے تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹس کی تکمیل سے نارکٹ پلی اور دیگر علاقوں میں آبپاشی ضروریات کی تکمیل ہوپائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں پینے کے پانی کے مسئلہ کا مستقل حل تلاش کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تقریباً 3000 کروڑ کے خرچ سے ضلع کے آبپاشی پراجکٹس مکمل کئے جائیں گے۔1