متحدہ کسان مورچہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرے گا

   

متحدہ کسان مورچہ فوج میں بھرتی کے لیے مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف اتوار کو ملک گیر مہم شروع کرے گا۔ یہ مہم ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور نوجوانوں کی مختلف تنظیموں کے یونائیٹڈ فرنٹ کے تعاون سے شروع کی جائے گی۔ سوراج انڈیا کے صدر یوگیندر یادو نے ہفتہ کو کہا کہ مہم کے تحت پہلا قدم اٹھاتے ہوئے 7 اگست سے 14 اگست تک جئے جوان جئے کسان کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ یادو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا، اس مہم کا مقصد لوگوں کو متنازعہ اگنی پتھ اسکیم کے تباہ کن نتائج سے آگاہ کرنا ہے اور مرکز پر جمہوری، پرامن اور آئینی طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے اسے واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے اگر زرعی قوانین ظالمانہ تھے، تو اگنی پتھ اسکیم تباہ کن ہے۔ اگر ہمارے کسان اور فوجی مشکل میں ہیں تو ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔ ہماری خاموشی حکومت کو ملک کے محافظوں اور خوراک دینے والوں کو تباہ کرنے کی اجازت دینے کی وجہ نہیں بن سکتی۔ ہم نے انہیں ایک بار روکا ہے، ہم انہیں دوبارہ روک سکتے ہیں۔