نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے مرکز سے اُس درخواست کے ادخال پر وضاحت طلب کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان کی ایسی کئی ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام علاقے ہیں جہاں ہندو اقلیت میں ہیں لیکن دیگر اقلیتی گروپس کی طرح اُنھیں (ہندو) کوئی مراعات حاصل نہیں ہیں۔ جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس سی ہری شنکر نے وزارت اُمور خارجہ، قانون و انصاف اور اقلیتی اُمور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کے بارے میں اُن کا موقف طلب کیا جس میں لفظ ’’اقلیت‘‘ کی تشریح کرنے اور ریاستی سطح پر اُن کی شناخت کے لئے رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ بی جے پی قائد اور وکیل اشونی کمار اپادھیائے نے درخواست کا ادخال کرتے ہوئے ادعا کیاکہ لداخ، میزورم، لکشدیپ، کشمیر، ناگالینڈ، میگھالیہ، اروناچل پردیش، پنجاب اور منی پور میں ہندو حقیقی اقلیت ہیں۔