الیکشن کمیشن آف انڈیا کی کارروائی‘30دن میں اپیل کی گنجائش
نئی دہلی ۔9؍اگست ( ایجنسیز ) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سیاسی جماعتوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جھارکھنڈ سمیت ملک بھر میں 334 رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی شناخت منسوخ کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اس اقدام کے بعد جن سیاسی جماعتوں کی شناخت منسوخ ہو گئی ہے وہ انتخابی نشان اور کمیشن کی طرف سے الاٹ کردہ دیگر مراعات کے ساتھ الیکشن نہیں لڑ سکیں گی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ معلومات کے مطابق عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 29B اور سیکشن 29C کے ساتھ ساتھ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 اور انتخابی نشان (ریزرویشن اینڈ الاٹمنٹ) آرڈر، 1968 کی متعلقہ دفعات کے تحت ان سیاسی جماعتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ تاہم اس حکم کے خلاف 30 دن کے اندر کمیشن میں اپیل کی جا سکتی ہے۔سیاسی جماعتوں کی ریاستی تعداد جن کی شناخت منسوخ کر دی گئی ہے ان میںآندھرا پردیش 05‘اروناچل پردیش 01‘بہار 16‘چندی گڑھ 10‘دہلی 26‘گوا 04‘گجرات 10‘ہریانہ 20‘جموں کشمیر 03‘جھارکھنڈ 05‘کرناٹک 12‘کیرالہ 07‘مدھیہ پردیش 14‘مہاراشٹرا 08‘اڈیشہ 05‘پڈوچیری 01‘پنجاب 08‘راجستھان 09‘تمل ناڈو 22‘تلنگانہ 12‘اتر پردیش 114‘اتراکھنڈ 05‘مغربی بنگال 07 شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان جماعتوں کو اپنے اعتراضات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے ۔ اس دوران وہ اپنے اعتراضات پیش کرکے رجسٹریشن کو بحال کرسکتے ہیں ۔