متفقہ پنچایتوں کے انتخاب پر حکومت سے 10 لاکھ روپئے فنڈس

   

ایم ایل اے فنڈ سے 15 لاکھ فراہم کرنے کے ٹی آر کا تیقن
حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) پنچایت راج انتخابات میں متفقہ طور پر منتخب ہونے والی گرام پنچایتوں کو حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپئے فنڈس فراہم کیئے جائیں گے جبکہ ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما رائو نے متفقہ طور پر منتخب ہونے والے پنچایتوں کو اپنے رکن اسمبلی فنڈ سے 15 لاکھ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے سرسلہ اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس کارکنوں کے وسیع تر اجلاس میں شرکت کی اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متفقہ انتخاب کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پنچایت اور پارلیمنٹ کے انتخابات ہونے جارہے ہیں اور ابھی سے کارکنوں کو متحرک ہونا چاہئے۔ ٹی آر ایس کے لیے پارٹی کارکن اس کی طاقت ہیں اور انہیں امید ہے کہ سرسلہ میں جس طرح 71 فیصد ووٹ ٹی آر ایس کے حق میں آئے تھے اسی طرح پنچایت ا نتخابات میں بھی کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کے استحکام کے لیے وہ ہر ممکن مساعی کریں گے۔ کے ٹی آر نے انتخابات میں بھاری اکثریت سے دوبارہ حکومت کی تشکیل کا موقع فراہم کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام کو کے سی آر سے جس طرح محبت ہے اس کا اظہار نتائج سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ووٹ فیصد میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تیقن دیا کہ جو بھی پارٹی کی کامیابی کے لیے جدوجہد کریں گے انہیں نامزد عہدوں میں ترجیح دی جائے گی۔