متنازعہ فلم ’ہم بارہ‘ کو بعض تبدیلیوں کے ساتھ ریلیز کرنے کی اجازت

   

بمبئی ہائیکورٹ نے فریقین کو راضی کیا
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) شریعت اسلامی کی غلط ترجمانی پر مبنی متنازعہ فلم ’ہم بارہ‘ کی ریلیز کو بمبئی ہائیکورٹ نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ ہائیکورٹ نے فلم میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت دی جس سے پروڈیوسر نے اتفاق کرلیا جس کے بعد جمعہ سے فلم کی ریلیز کی اجازت دی گئی۔ جسٹس بی کولابا والا اور جسٹس فردوس پونیوالا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہاکہ عدالت کی تجاویز کے مطابق فریقین نے فلم میں بعض تبدیلیوں سے اتفاق کرلیا ہے۔ فلم میں جو تبدیلیاں کی جائیں گی اُن میں قرآنی آیات کی غلط توضیح سے متعلق ڈائیلاگس کو حذف کرنا شامل ہے۔ ڈیویژن بنچ نے کہاکہ اُنھوں نے فلم کا مشاہدہ کیا جس میں سماجی پیام دینے کی کوشش کی گئی ہے تاہم فلم میں بعض مناظر اور ڈائیلاگس قابل اعتراض ہیں۔ عدالت کا احساس ہے کہ تبدیلیوں کے بعد جاری کی جانے والی فلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں ہوں گے۔ عدالت نے فریقین کو تبدیلیوں پر اتفاق رائے کا مشورہ دیا۔ عدالت کے احکامات کے مطابق شرعی قوانین کے بارے میں انگلش اور ہندی میں 12 سیکنڈ کے دو علیحدہ ڈسکلیمر شامل کئے جائیں گے اور ناظرین کو یہ پیام دیا جائے گا کہ شرعی قوانین سے فلم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ فلم کے 2 مکالمے اور فلم کے آغاز پر قرآنی آیات کی تلاوت کو بھی حذف کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن کی جانب سے ایک نیا سرٹیفکٹ جاری کیا جائے گا۔ پروڈیوسرس کو آفات سماوی کے متاثرین کیلئے کام کرنے والی این جی او آئیڈیل ریلیف کمیٹی کو 5 لاکھ روپئے عطیہ دینے کی ہدایت دی گئی۔ 1