نئی دہلی: ہندوستان کے کوویڈ۔19 متاثرین کی تعداد ایک یوم میں ریکارڈ 34,956 کیسوں کے اضافہ پر جمعہ کو 10,00,000 سے تجاوز کرگئی۔ 9 لاکھ کا نشانہ عبور کئے محض تین روز ہوئے تھے۔ چنانچہ یہ شرح تشویشناک ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے ڈیٹا کے مطابق ملک میں جملہ کوروناوائرس معاملے بڑھ کر 10,03,832 تک پہنچ گئے جبکہ اموات کی تعداد 25,602 ہوچکی جن میں ایک روز میں ریکارڈ 687 اموات کی سب سے زیادہ تعداد درج ہوئی ہے۔ یہ ڈیٹا جمعہ کی صبح تک درست ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں جملہ 22,942 کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں جو ایک روز میں شفایاب ہونے والے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی جملہ تعداد 6,35,756 ہوگئی جبکہ 3,42,473 فعال کوویڈ۔19 کیس موجود ہے۔ اس طرح ابھی تک لگ بھگ 63.33 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ مصدقہ معاملوں
کی جملہ تعداد میں بیرونی شہری شامل ہیں۔ یہ لگاتار چھٹا روز ہے جب زائد از 28,000 نئے معاملہ سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں درج 687 اموات میں سے 266 مہاراشٹرا کے ہیں۔ کرناٹک سے 104، ٹاملناڈو سے 69، دہلی سے 58، آندھراپردیش سے 40، اترپردیش سے 34، مغربی بنگال سے 23، بہار سے 17، جموں و کشمیر سے 16، تلنگانہ و گجرات سے 10، 10 اور پنجاب سے 9 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ دیگر ریاستوں میں کم جانی نقصان ہوا ہے۔
لاک ڈاؤن میں بہتر فضاء نے 630 جانیں بچائی
عالمی وبا کوروناوائرس کے درمیان لاک ڈاؤن نے جہاں عام زندگی پر کئی منفی اثرات مرتب کئے ، وہیں ہندوستان کے کم از کم 5 شہر ایسے ہیں جہاں فضائی آلودگی میں اتنی کمی ہوگئی کہ ایک اندازہ کے مطابق کم از کم 630 اموات ٹل گئے اور ملک میں صحت کے ضمن میں اخراجات میں 690 ملین ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ برطانیہ میں یونیورسٹی آف سرے کے سائنسدانوں کے بشمول محققین کے گروپ نے پانچ ہندوستانی شہروں دہلی، ممبئی، کولکاتا اور چینائی اور حیدرآباد میں گاڑیوں او دیگر ذرائع سے برآمد ہونے والے مضرت رساں باریک زرات(PM2.5) کی سطحوں کا لاک ڈاؤن کی مدت کا جائزہ لیا۔ ایک جریدہ میں شائع جائزہ میں بتایا گیا کہ 25 مارچ سے 11 مئی تک کے اعداد و شمار پر تحقیق کی گئی اور ان کا گذشتہ پانچ برسوں کی یہی مدت سے تقابل کیا گیا۔ تحقیق پر پایا گیا کہ ان تمام مقامات پر آلودگی کی سطح گھٹ گئی۔
کیرالا میں کمیونٹی ٹرانسمیشن ، ملک میں اولین تبدیلی
دریں اثناء کیرالا میں چیف منسٹر پی وجین نے کورونا وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کی تصدیق کی ہے ۔ ملک بھر میں پھیلاؤ کا یہ منفردطریقہ ہے ۔ ابھی تک بتایا گیا کہ کورونا انفیکشن ایک متاثرہ فرد سے دیگر کو منتقل ہورہا ہے جس میں ایک دوسرے سے رابطہ ضروری ہے ۔ کمیونٹی پھیلاؤ میں ہوا اس کا سبب بنتی ہے ۔
