نئی دہلی۔28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی تجربہ کار کھلاڑی متھالی راج نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لئے خود کو دستیاب رکھا ہے لیکن اگلے سال کے عالمی کپ سے پہلے نوجوانوں کو موقع دینے کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ سلیکٹر انہیں منتخب نہ کریں۔ پانچ میچوں کی سیریز 24 ستمبر کو شروع ہو گی جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ اگلے سال فروری مارچ میں آسٹریلیا میں ہوگا۔متھالی ابھی ونڈے کی کپتان ہیں اور 2021 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لیے مصروف عمل ہیں لیکن یہ 36 سالہ کھلاڑی ٹی 20 الیون میں پہلی پسند نہیں ہیں۔متھالی سے جب سب سے چھوٹے فارمیٹ کے لئے منصوبوں کے بارے میں پوچھا گیاکہ تو انہوں نے کہاکہ میں یقینی طور پر اگلے ماہ کی ٹی 20 سیریز کے لئے دستیاب ہوں لیکن اب میں واقعی میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہوں۔سلیکٹرز کی ممبئی میں 5 ستمبر کو اجلاس ہوگا جس میں پہلے تین ٹی 20 کے لئے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ متھالی عظیم کھلاڑی ہیں لیکن انہیں اپنے ٹی 20 کیریئر کے بارے میں جلد فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ٹی 20 ورلڈ کپ چھ ماہ بعد ہونا ہے اور سلیکٹرز کو کچھ کھلاڑیوں کو آزمانا چاہئے۔اس کے لیے انہیں متھالی کے منصوبوں کے بارے میں جاننا ہوگا۔ وہ اب آخری الیون میں پہلی پسند بھی نہیں رہیں۔مانا جا رہا ہے کہ سلیکٹر ٹیم منتخب کرنے سے پہلے متھالی کے منصوبوں کے بارے میں جاننے کے لئے ان سے بات کریں گے۔